اسلام آباد ہائیکورٹ، جوڈیشل اکیڈمیز کے لیے فنڈ کے اجرا کی منظوری
اسلام آباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ، وفاق اور صوبائی جوڈیشل اکیڈمیز کے لیے ایکسز ٹو جسٹس ڈیولپمنٹ فنڈ (اے جے ڈی ایف) سے فنڈ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
ایک جاری بیان میں بتایا گیا کہ اے جے ڈے ایف کی سرکاری باڈی کا اجلاس سپریم کورٹ کی عمارت میں ہوا، جس کی سربراہی چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کی۔
اس اجلاس میں تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس، قانون اور انصاف کے سیکریٹری، ایڈیشنل فنانس سیکریٹری اور لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان (ایل جے سی پی) کے سیکریٹریز موجود تھے۔
مزید پڑھیں: زیر التوا مقدمات کی شرح جلد صفر ہوجائے گی، چیف جسٹس
جاری بیان میں کہا گیا کہ ایل جے سی پی کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد رحیم اعوان نے اجلاس میں ایکسز ٹو جسٹس (انصاف تک رسائی) ڈیولپمنٹ فنڈ کے مینڈیٹ، طریقہ کار اور ہائی کورٹس کے لیے مخصوص وجوہات کی بنا پر فنڈ کے اجرا کے حوالے سے بریفنگ دی۔
چیف جسٹس نے ملک بھر میں ذیلی عدالتوں کے بنیادی ڈھانچے اور صلاحیت میں اضافے کے حوالے سے فنڈ کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے زور دیا کہ کم سے کم عدالتیں اے جے ڈی ایف کی مدد سے مضبوط ہوں گی، جس سے ان میں بنیادی ڈھانچے، خود کاری اور ذیلی عدالتوں کے لیے مختلف منصوبوں کے حوالے سے مدد ملے گی، جو معمول کے بجٹ میں ممکن نہیں۔
ایل جے سی پی کے چیئرمین نے ہائی کورٹس کے لیے فنڈز کے وقت پر جاری کرنے اور ان کے موثر استعمال پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے موجودہ 8 ججز چیف جسٹس بنیں گے
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ایل جے سی پی کے سیکریٹری کو کہا کہ وہ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں سینٹر آف ایکسیلنس اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالتوں میں ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے فنڈ فراہم کرنے سے متعلق امکانات کے حوالے سے کام کریں۔
ایل جے سی پی کے سیکریٹری نے اجلاس کے دوران مالی سال 18-2017 میں ہائی کورٹس کے لیے فنڈز کے اجرا کی تفصیلات اور مستقبل کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، جسے کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
یہ رپورٹ 30 اپریل 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی