گوگل سرچ میں چھپی اس دلچسپ ٹِرک کو آزما کر دیکھا؟
اگر تو آپ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو گوگل کے بغیر گزارہ ممکن ہی نہیں۔ کروڑوں افراد روزانہ اس سرچ انجن کا استعمال کرتے ہیں مگر اس کے اندر کچھ چھپی چیزوں کو جان نہیں پاتے جن کا استعمال پرلطف تجربے سے کم نہیں ہوتا۔
اکثر یہ کمپنی خاص مواقعوں پر سرچ انجن میں دلچسپ ٹرکس چھپا دیتی ہے جس کا علم اکثر افراد کو نہیں ہوتا۔
ایسا ہی کچھ گوگل کی جانب سے ایوینجرز اینڈگیم کی ریلیز کے موقع پر بھی کیا گیا ہے جو کہ گزشتہ سال کے ایوینجرز انفٹنی وار کا سیکوئل ہے، جس میں ولن تھینوس نے ایک فنگر سنیپ سے آدھی دنیا کو مٹی کا ڈھیر بنادیا تھا۔
گوگل سرچ میں بھی فنگرسنیپ کو الگورتھم کا حصہ بنایا گیا ہے جو سرچ رزلٹس کو مٹی کے ڈھیر بناکر اڑا دیتا ہے۔
اس کے لیے بس گوگل سرچ پر ' Thanos ' لکھ کر سرچ کریں جس کے دائیں جانب آپ کو انفٹنی گونٹلیٹ بنا نظر آئے گا جس پر کلک کردیں۔
ایسا کرنے پر وہ گونٹیلیٹ بند ہوگا جس کے بعد سرچ رزلٹس ایوینجرز انفٹنی وار کے ہیروز کی طرح غائب ہونا شروع ہوجائیں گے۔
یہاں تک کہ تھینوس کے بارے میں وکی پیڈیا پیج بھی سرچ رزلٹس میں سے غائب ہوجاتا ہے۔
ان سرچ رزلٹس کو واپس لانے کے لیے دوبارہ انفٹنی گونٹیلیٹ پر کلک کریں جو ایک بار پھر جگمگانے لگے گا اور سرچ رزلٹس دوبارہ سامنے آجائیں گے۔