ایوینجرز اینڈ گیم کے بارے میں ناقدین نے کیا لکھا؟
ایوینجرز اینڈگیم دنیا بھر میں ریلیز ہوگئی ہے اور کروڑوں افراد اسے دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
مارول یونیورس کے تیسرے مرحلے کا اختتام اس فلم کے ساتھ ہوگیا ہے اور گزشتہ سال کی انفٹنی وار کے بعد لوگوں کو اس سے بہت زیادہ توقعات بھی وابستہ ہیں۔
سب یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ انفٹنی وار میں ولن کے ہاتھوں مٹی بن جانے والے ہیروز کی واپسی کیسے ہوگی۔
اور یہ مارول سپرہیروز کی سب سے طویل فلم بھی ہے جس کا دورانیہ 3 گھنٹے ہے۔
اگر آپ بھی اس فلم کو دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو جان لیں کہ ناقدین اس کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔
اس ویک اینڈ اگر فلم کو دیکھنے کا ارادہ ہے تو یہ بھی ضرور جان لیں کہ پیسے خرچ کرنا چاہئے یا نہیں۔
ورائٹی
اس ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ ایوینجرز اینڈگیم اب تک کی سب سے مہنگی فلم ہے اور ہاں یہ لوگوں کو اپنے پسندیدہ کرداروں کے بارے میں جذباتی وابستگی بھی فراہم کرتی ہے، بلکہ یہ کہنا درست ہوگا اس فلم میں ساری توجہ دنیا کو بچانے پر مرکوز کی گئی ہے اور ہیروازم کے لیے انسانی قیمت چکانا پڑتی ہے جس کے اعث ذاتی قربانیاں دیکھنے میں آئیں۔
ہولی وڈ رپورٹر
اس ویب سائٹ نے لکھا کہ تین گھنٹے طویل فلم بہترین کہانی کا اختتام ہے جس میں کائنات کی بقا داﺅ پر لگی ہوئی ہے، آئرن مین کا کردار ادا کرنے والے رابرٹ ڈاﺅنی جونیئر ابھر کر سامنے آتے ہیں اور یاد دلاتے ہیں کہ وہ کتنے اچھے اداکار ہیں۔
دی گارڈین
اس برطانوی روزنامے نے فلم کو 5 میں سے 5 اسٹارز دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ ایک جوش بھردینے والا اختتام ہے جو اختتام میں دیکھنے والوں کو جذبات سے بھر دیتا ہے اور ہمیں اپنے پسندیدہ اداکاروں کو الوداع کہنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ایمپائر
اس ویب سائٹ نے بھی اس فلم کو 5 اسٹارز دیتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک فاتحانہ اختتام ہے جس میں جذبات پر زور دینے کے ساتھ ایکشن پر بھی بھرپور توجہ دی گئی ہے، یہ دیکھنے والوں کی تسلی کرتی ہے۔
سی این این
اس امریکی ویب سائٹ نے لکھا کہ اینڈ گیم مارول اور ڈزنی کے لیے نت نئے باکس آفس ریکارڈز بنائے گی اور یہ مارول کا کریڈٹ ہے کہ اس نے اس فلم کو دیکھنے والوں کے لیے ہر پہلو سے مثالی بنانے کی کوشش کی ہے، کیونکہ اسٹوڈیو اپنے تمام وسائل کو ناظرین کو فراہم کرنے کے لیے تیار ہوگیا تاکہ ان کے ٹکٹ کا خرچہ ضائع نہ ہو۔
میش ایبل
اس ویب سائٹ نے لکھا کہ 10 سال سے زیادہ اور 20 سے زائد فلموں کے ذریعے مارول نے وہ کام کردکھایا جو کوئی اور فلم فرنچائز نہیں کرسکی، یہ اس سیریز کے عہد کا اطمینان بخش اختتام ہے۔
دی اٹلانٹک
اس سائٹ نے لکھا کہ انفٹنی وار کا ڈرامائی اختتام اس فلم کے لیے موثر ثابت ہوا، ایوینجرز کا تصور تو ممکنہ طور پر کہیں نہیں جارہا مگر اینڈگیم دیکھ کر اچھے الوداع کا احساس ضرور ہوتا ہے۔
دی Wrap
اس ویب سائٹ نے لکھا کہ ہاں کچھ لمحات ایسے ہیں جب اس فلم کی طوالت پریشان کرتی ہے اور ہاں مارول سینماٹک یونیورس کی کارپوریٹ پراڈکٹ ہے مگر پھر بھی اس کو دیکھتے ہوئے لگائے جانے والے قہقہے اور آنکھوں میں آنسو حقیقی لگتے ہیں۔ مارول فلمیں اس پر ختم نہیں ہورہیں مگر ایوینجرز اینڈ گیم اس سیریز کے اثر سے باہر نکلنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
انٹرٹینمنٹ ویکلی
اس ویب سائٹ نے لکھا کہ جب آدھی دنیا کی قسمت داﺅ پر لگی ہو تو متوقع عجلت نظر آتی ہے، مگر اس کے اندر ایک افسردگی بھی چھپی ہے، اس سب کے لیے نہیں جو کھو گیا بلکہ ان کے لیے جو اب واپس نہیں آئیں گے۔ گیارہ سال اور 22 فلموں کے بعد اینڈ گیم سے آخرکار ایک عہد کا اختتام ہوگیا۔