• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

نوڈیرو ہاؤس پر نیب کا چھاپہ، زرداری کے قریبی ساتھی گرفتار

شائع April 22, 2019
نیب حکام کے مطابق ملزم کو آج احتساب عدالت سکھر میں پیش کیا جائے گا — تصویر: شٹر اسٹاک
نیب حکام کے مطابق ملزم کو آج احتساب عدالت سکھر میں پیش کیا جائے گا — تصویر: شٹر اسٹاک

لاڑکانہ: قومی احتساب بیورو (نیب) کی ایک ٹیم نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کے آبائی گھر نوڈیرو ہاؤس پر چھاپہ مار کر وہاں کے انچارج ندیم بھٹو کو حراست میں لے لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کے بھائی عبدالجبار بھٹو نے ڈان سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ندیم بھٹو کو نیب کی ٹیم اپنے ہمراہ لے گئی۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ یہ چھاپہ نیب کے سکھر میں قائم دفتر کے عہدیداروں نے مارا تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ندیم بھٹو کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے تعلق الزام میں گرفتار کیا گیا جنہیں آج احتساب عدالت سکھر میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: 2 ملزمان پی پی پی قیادت کے خلاف گواہ بننے کیلئے تیار

باخبر ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ندیم بھٹو پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ہیں جبکہ وہ مبینہ طور پر ان کے فرنٹ مین کی حیثیت سے کام کرتے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ندیم بھٹو کے پاس نوڈیرو ہاؤس کے مالی امور کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی تھی۔

خیال رہے کہ ندیم بھٹو کے بھائی عبدالجبار، بھٹو خاندان کے ذاتی فوٹوگرافر کی حیثیت سے کام کرتے تھے اور 1998 میں اسلام آباد منتقل ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سابق چیئرپرسن حسین لوائی، سمٹ بینک کے سینئر نائب صدر طحٰہ رضا، ان افراد میں شامل ہیں جو جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں زیر تفتیش ہیں۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس میں 3 ملزمان کے وارنٹ جاری

خیال رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے درج کیے گئے منی لانڈرنگ کیس کی 8 اپریل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پہلی سماعت ہوئی تھی۔

مذکورہ کیس کی پہلی سماعت میں بڑی پیش رفت سامنے آئی اور کیس میں نامزد 2 ملزمان نے آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف گواہ بننے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

بعدازاں 16 اپریل کو ہونے والی سماعت میں احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیش نہ ہونے والے 2 ملزمان کے قابل ضمانت اور ایک ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل، آصف زرداری کی حفاظتی ضمانت منسوخ

اور مذکورہ کیس میں ضمانت کی استدعا کرنے والی دیگر 3 ملزمان کو اپنی درخواست عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 19 اپریل تک منتقل کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024