• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

نیکٹا نے پی ٹی اے، دیگر اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے

شائع April 21, 2019
نیکٹا کے مطابق انٹرنیٹ رابطے کو چیک کرنا بہت مشکل ہے اور قانون میں بھی سقم موجود ہیں — فائل فوٹو/ اے ایف پی
نیکٹا کے مطابق انٹرنیٹ رابطے کو چیک کرنا بہت مشکل ہے اور قانون میں بھی سقم موجود ہیں — فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد رابطوں کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں۔

نیکٹا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ دہشت گرد رابطوں کے لیے اب بھی افغانستان کی سمیں استعمال کررہے ہیں۔

انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے نے یہ بھی قرار دیا کہ 9 کروڑ سموں کی بندش، ایک ہزار ویب سائٹس اور 3 ہزار سے زائد سوشل میڈیا پیجز کی بندش ناکافی ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مزید ایک سو 78 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل

علاوہ ازیں نیکٹا نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ رابطے کو چیک کرنا بہت مشکل جبکہ قانون میں بھی سقم موجود ہیں۔

نیکٹا رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ الیکٹرانک کرائمز ایکٹ، قومی سلامتی کے انفرااسٹرکچر پر سائبر حملے رکوانے میں ناکام رہا ہے اور ساتھ ہی سفارش کی کہ ایکٹ میں سائبر حملوں کے دفاع کی شقیں شامل کی جانی چاہئیں۔

نیکٹا کے مطابق ہر انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں سائبر سرویلنس یونٹ بنایا جانا چاہیے۔

8 اپریل 2019 کو نیکٹا کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی اطلاع پر ملک بھر میں کارروائی کرتے ہوئے مزید ایک سو 78 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کردیے گئے۔

4 مارچ 2019 کو وفاقی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے پابندی کے شکار افراد اور تنظیموں کو کنٹرول میں لے کر ان کے اکاؤنٹ منجمد کرنے کے لیے سلامتی کونسل آرڈر 2019 جاری کیا تھا۔

مزید پڑھیں: نیکٹا کے 41 زیر تربیت ملازمین 2 ماہ بعد ہی برطرف

28 مارچ 2019 کو ایف اے ٹی ایف کی ذیلی تنظیم ایشیا پیسفک گروپ (اے پی جی) نے پاکستان کی جانب سے کالعدم تنظیموں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اس سے قبل 25 فروری کو وفاقی حکومت نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے ان افراد پر پاسپورٹ آفس کے دروازے بند اور ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے تھے۔

فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر مزید پابندیاں وزارت داخلہ کے احکامات اور نیکٹا کی نشاندہی کے بعد عائد کی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ اے ٹی اے برائے سال 1997 کے مطابق ہر وہ شخص جس کا اندراج فورتھ شیڈول کی فہرست میں ہو، اپنی مستقل رہائش گاہ کو چھوڑنے اور واپس آنے پر پولیس کو آگاہ کرنے کا پابند ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024