اسد عمر کو منانے جاؤں گا، شیخ رشید
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کابینہ میں اختلافات سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہوئے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں تمام وزراء موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ ارکان میں کسی قسم کا اختلافِ رائے نہیں اور صرف ایک وزیر کو نکالا گیا باقی نے خود استعفے دیئے ہیں۔
شیخ رشید کے مطابق سابقہ وفاقی وزیر صحت عامر کیانی سے دواؤں کی قیمتیں بڑھنے پر قلمدان واپس لیا گیا۔
سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران اسد عمر کو انتہائی اچھے الفاظ کے ساتھ یاد کیا اور امید ہے وہ جلد ہی کسی شعبے میں خدمات انجام دیتے نظر آئیں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ اسد عمر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حصہ ہیں اور وہ انہیں منانے جائیں گے۔