• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

دپیکا کی ’چھپاک‘ تیزاب پھینکنے والے کے منہ پر طمانچہ

شائع April 20, 2019 اپ ڈیٹ April 21, 2019
فلم ’چھپاک‘ اگلے سال 10 جنوری کو ریلیز ہوگی—فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم ’چھپاک‘ اگلے سال 10 جنوری کو ریلیز ہوگی—فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اس وقت تیزاب حملے سے متاثرہ بھارتی خاتون لکشمی اگروال کی زندگی پر مبنی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس حوالے سے خود لکشمی کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ لمحات بہت جذباتی ہیں۔

انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے سماجی کارکن لکشمی کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے بےحد خوش ہیں کہ ان کی جدوجہد پر یہ فلم بن رہی ہے۔

لکشمی کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے اسکول میں کبھی کوئی میڈل نہیں جیتا، کون سوچ سکتا تھا کہ میری زندگی پر سوانح حیات بنیں گی؟ میں ہدایت کارہ میگھنا گلزار کی شکرگزار ہوں کہ وہ میرے کام کو اس قابل سمجھتی ہیں کہ وہ اسے فلم کی شکل دے رہی ہیں‘۔

لکشمی اگروال نے مزید کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ فلم ’چھپاک‘ مجھ پر تیزاب کا حملہ کرنے والے کے منہ پر طمانچہ ہوگا، جسے اس وقت ایسا لگا تھا کہ وہ میری زندگی برباد کردے گا اور یہ سوسائٹی مجھے کسی مجرم کی طرح دیکھی گی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اس بات سے بھی بےحد خوش ہوں کہ دپیکا پڈوکون جیسی نامور شخصیت میرا کردار نبھا رہی ہیں، فلم میں ان کا سامنے آیا پہلا لک بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا‘۔

لکشمی نے بتایا کہ ’بہت سے میک اپ آرٹس اس انداز سے متاثر ہوئے اور انہوں نے ویسا ہی میک اپ کرکے مجھے تصاویر بھیجی، کبھی سوچا نہیں تھا کہ لوگ ایسے چہرے سے بھی متاثر ہوں گے جس پر تیزاب کا حملہ ہوا‘۔

یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ میگھنا گلزار کے ساتھ کام کرنے جارہی ہیں۔

رواں سال انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فلم کا پہلا پوسٹر بھی ریلیز کیا، جبکہ چند روز قبل فلم کے سیٹس کی چند ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

فلم ’چھپاک‘ اگلے سال 10 جنوری کو ریلیز ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024