• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

اسد عمر کے بعد عثمان بزدار اپنے عہدے سے متعلق خدشات کاشکار

شائع April 20, 2019
شہباز گل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو وزیراعظم کا اعتماد حاصل ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
شہباز گل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو وزیراعظم کا اعتماد حاصل ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور: وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی کابینہ کے اراکین کے کام کی نگرانی کی ہدایت کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی سے متعلق خدشات سامنے آگئے۔

وزیراعظم عمران خان نے نہ صرف وزیراعلیٰ پنجاب بلکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے جس کے بعد وہ وفاقی کابینہ کی طرح صوبائی کابینہ میں بھی تبدیلیاں کردیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں وزرا کی تبدیلی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بڑھتے ہوئے دباؤ، گڈ گورننس کی عدم موجودگی اور بیوروکریسی کی ناکامی کی وجہ سے اپنے عہدے کے بارے میں خدشات کا شکار ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل پنجاب میں اعلیٰ سطح پر بیوروکریسی میں تقرریاں اور تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں تاہم اس دوران بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کچھ ٹرانسفرز کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

مزید پڑھین: پنجاب کابینہ میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں، وزیر اطلاعات

جیسے ہی پنجاب کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی افواہیں پھیلنا شروع ہوئیں تو ان کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے بنفس نفیس وزیراعظم عمران خان سے اس حوالے سے وضاحت کے لیے ملاقات کی۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب یا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی پر غور نہیں کیا جارہا، دونوں وزرائے اعلیٰ کو وزیراعظم کا اعتماد حاصل ہے‘۔

جیسا کہ صوبائی کابینہ میں موجود کم کارکردگی دکھانے والے وزرا کے سرپر انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کا خطرہ منڈلا رہا ہے وہیں ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی وزرا کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ مرتب کرکے پیش کریں، جو وزیراعظم عمران خان تک پہنچائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: انصاف کا مطالبہ کرتا شخص وزیراعلیٰ پنجاب کی گاڑی کے آگے لیٹ گیا

گزشتہ روز پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری سے جب میڈیا نمائندوں نے پنجاب کابینہ میں تبدیلی پر سوال کیا تھا تو انہوں نے واضح طور پر جواب دیا تھا کہ پنجاب کابینہ میں تبدیلی نہیں کی جارہی۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر وزارت کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں اور وزیر اعلیٰ اس حوالے سے کوئی بھی تبدیلی کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس وزرا کی تبدیلی کا اختیار موجود ہے، تاہم ابھی اس اختیار کو استعمال کرنے کو کوئی ارادہ نہیں۔


یہ خبر 20 مارچ 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024