جنوبی افریقہ: ایسٹر کی عبادت کے آغاز پر چرچ میں حادثہ، 13 افراد ہلاک
جنوبی افریقہ میں موسلا دھار بارش کے باعث پنٹی کوسٹل چرچ میں ایسٹر کی عبادت کے آغاز میں ہی چھت گرنے سے 13 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے ۔
چرچ کی چھت گرنے کا واقعہ جنوبی افریقہ کے مشرقی شہر ڈربن کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایسٹر کی عبادت شروع ہوگئی تھی۔
جنوبی افریقہ کے حکام کے مطابق یہ واقعہ لانگوبو نامی قصبے میں پیش آیا اور زخمی افراد کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ متاثرین میں اکثریت خواتین کی ہے جبکہ 11 سالہ بچی بھی ان متاثرین میں شامل ہے۔
میڈیا کا کہنا تھا کہ جمعے کو چرچ کے سامنے ایک بڑے خیمے میں خصوصی عبادت کا اہتمام کیا جاتا تھا اور حادثے کے وقت بھی ایسٹر کی عبادت کی تیاریاں مکمل کی گئی تھیں۔
مقامی میئر کا کہنا تھا کہ شہری غم میں ڈوبے ہوئے ہیں اور متاثرین کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'تمام عیسائی ان متاثرین سے اظہار یک جہتی کرتے ہیں اور ہم یہاں پر چرچ، متاثرہ خاندانوں اور تعاون کے ساتھ ساتھ دعاکرنے کی خاطر حاضر ہیں'۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامفوسا نے گزشتہ برس اس چرچ کا دورہ کیا تھا اس وقت منتظمین نے نئے چرچ کی تعمیر میں تعاون کے لیے ان سے درخواست کی تھی۔
جنوبی افریقہ کے وزیر محنت میلڈرڈ اولیفینٹ اس حادثے میں انتقال کرجانے والے افراد کی آخری رسومات میں شرکت کی جو خود بھی چرچ کی انتظامیہ میں شامل تھے۔
جائے وقوع کے دورے میں ان کا کہنا تھا کہ 'اس مشکل وقت میں بھی ہمیں اپنے خدا پر بھروسہ کرنے کی ضرورت ہے'۔
انتظامیہ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'یہ واقعہ قدرت کی طرف سے تھا جس کو صدر سمیت کوئی روک نہیں سکتا تھا کیونکہ شدید طوفان چل رہا تھا جس سے پورا علاقہ متاثر ہوا ہے'۔