• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کابینہ میں تبدیلی کی جعلی خبر نشر کرنے پر نجی چینلز کو نوٹس

شائع April 16, 2019
نجی چینلز نے وزیر خزانہ اسد عمر کے قلمدان میں تبدیلی کی خبر نشر کی تھی — رائٹرز/فائل فوٹو
نجی چینلز نے وزیر خزانہ اسد عمر کے قلمدان میں تبدیلی کی خبر نشر کی تھی — رائٹرز/فائل فوٹو

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اے آر وائی نیوز اور بول نیوز کو وفاقی کابینہ اور وفاقی وزر ا کے قلمدان میں تبدیلی کی خبر نشر کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کردیے۔

دونوں نجی چینلوں نے گزشتہ روز وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے عہدوں میں ممکنہ تبدیلی کی خبر نشر کی تھی۔

اے آر وائی کمیونیکیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ (اے آر وائی نیوز ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھیجے گئے نوٹس میں پیمرا نے کہا کہ ٹی وی چینل نے 15 اپریل کی صبح کو وفاقی کابینہ میں رد و بدل اور 5 وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کرنے سے متعلق بریکنگ نیوز نشر کی تھی۔

مزید پڑھیں: وزرا کے قلمدان میں تبدیلی کی خبروں میں صداقت نہیں، وزیر اطلاعات

اسی طرح پیمرا نے لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ (بول نیوز) کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا کہ چینل نے کابینہ میں تبدیلی سے متعلق ٹکرز چلائے تھے۔

پیمرا کی جانب سے دونوں نشریاتی کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ ’ یہ خبر جعلی تھی کیونکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے فوری طور پر ایسی کسی خبر کو مسترد کردیا تھا‘۔

نوٹس میں کہا گیا کہ دونوں چینلز کی جانب سے جھوٹی خبر نشر کرنے کا عمل الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق 2015، پیمرا آرڈیننس 2002 اور پیمرا قوانین 2009 کی خلاف ورزی ہے۔

چینلز کو جاری نوٹسز میں مزید کہا گیا کہ ’ ایسی خبر نشر کرکے چینل انتظامیہ عوام کے درمیان افراتفری پیدا کررہی ہے اور حکومتی ارکان کو خواہ مخواہ بدنام کررہی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: پیمرا نے نجی چینل کے پروگرام پر ایک ماہ کی پابندی عائد کردی

پیمرا نے قوانین کے مطابق باقاعدہ قانونی کارروائی شروع کرنے سے قبل اے آر وائی نیوز اور بول نیوز سے سات روز میں جواب طلب کیا ہے۔

نشریاتی اداروں کے چیف ایگزیکٹو افسران کو 22 اپریل کو ذاتی حیثیت میں یا نمائندے کے ذریعے اسلام آباد میں واقع پیمرا ہیڈکوارٹرز میں پیش ہونے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

پیمرا کے مطابق اگر وہ ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہے تو مذکورہ نشریاتی اداروں کے خلاف یک طرفہ اقدامات کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024