• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزرا کے قلمدان میں تبدیلی کی خبروں میں صداقت نہیں، وزیر اطلاعات

شائع April 15, 2019

اسلام آباد: حکومت نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے میڈیا میں زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دے دیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہر اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ میں آج صبح سے ہی یہ خبریں زیر گردش کررہی تھیں کہ حکومت نے وزیر خزانہ سمیت 5 اہم وزارتوں کے قلمدان میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے اور جلد ہی اس سلسلے میں اعلان متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: بیل آؤٹ پیکج پر جاری مذاکرات کے باعث آئی ایم ایف مشن کے دورے میں تاخیر کا امکان

یہ خبر ایک ایسے موقع پر سامنے آئی تھی جب وزیر خزانہ اسد عمر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے مذاکرات کے لیے واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں بیل آؤٹ پیکج کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

تاہم اب حکومت کی جانب سے ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دے دیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان خبروں کی تردید کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جانے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، وزراء کی تبدیلی وزیر اعظم کا صوابدیدی اختیار ہے اور میڈیا اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اس وقت پاکستان اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور اس نوعیت کی قیاس آرائیوں سے ہیجان جنم لیتا ہے، جو ملک کے مفاد میں نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج مئی تک ملنے کا امکان

اس سے قبل وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم ہر اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں اور وزارتوں کی تبدیلی کے حوالے سے نشر کی جانے والی خبریں من گھڑت ہیں۔

وزیر اعظم وزرا کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، وزیر اطلاعات

علاوہ ازیں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تصدیق کے بغیر خبریں نہ چلائیں کیونکہ اس سے ملک کا نقصان ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کے وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کر آ رہے ہیں، ملک میں بڑے فیصلے ہونے جا رہے ہیں، معیشت بحال ہو رہی ہے اور ایسے میں اگر صبر کر لیا جائے تو بہتر ہے۔

فواد چوہدری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی وزیر کو تبدیل نہیں کیا جا رہا اور وزیر اعظم عمران خان نے پیغام بھیجا ہے کہ وزراء کی تبدیلی کے حوالے سے میڈیا پر غلط خبریں چل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی آئی ایم ایف سے بات حتمی مراحل میں ہوتی ہے تو اس طرح کی خبریں آتی ہیں، وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کر کے آ رہے ہیں اور آئندہ 2 روز میں معیشت کے حوالے سے بڑی خبریں آنے والی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزراء کی کارکردگی پر مبنی رپورٹس وزیراعظم آفس پہنچ چکی ہیں اور دعویٰ کیا وزیر اعظم عمران خان ان سے مطمئن ہیں۔

مزید پڑھیں: ہزارہ برادری کا وزیر اعظم کے آنے تک دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی ردوبدل کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے اور اگر ایسا فیصلہ کیا گیا تو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مضبوط معیشت کی جانب جا رہے ہیں اور آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اسد عمر وطن واپسی پر قوم کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024