• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

صنم سعید کے کامیاب کردار ’کشف‘ سے عالیہ نے کیا سیکھا؟

شائع April 13, 2019
فلم کلنک رواں سال 17 اپریل کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم کلنک رواں سال 17 اپریل کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

2012 میں سامنے آنے والا پاکستان کا کامیاب ڈرامہ ’زندگی گلزار ہے‘ کس کو یاد نہیں ہوگا، یہ ڈرامہ صرف اپنی بہترین کہانی کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ اداکار فواد خان اور اداکارہ صنم سعید کی جاندار اداکاری کی وجہ سے بھی کامیاب ہوا تھا۔

شاید ہی ایسا کوئی ہوگا جسے اس ڈرامے میں صنم سعید کا کردار ’کشف‘ پسند نہ آیا ہو، لیکن کیا آپ جانتے ہیں اس کردار کے مداح صرف آپ ہی نہیں بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ بھی ہیں۔

بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے زندگی گلزار ہے ڈرامے میں صنم سعید کے کردار کشف سے متاثر ہوکر اپنی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’کلنک‘ میں اپنے کردار کے لیے تیاری کی۔

عالیہ بھٹ کے مطابق ان کا فلم کلنک میں کردار ’روپ‘ ایک ڈانسر کا ہے، تاہم اس کا کردار کشف سے بہت زیادہ ملتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ابھیشیک نے مجھے سے کہا کہ میں اپنے کردار کی تیاری کے لیے زندگی گلزار ہے ڈرامہ دیکھوں، اس ڈرامے میں کشف کا کردار جو صنم سعید نے ادا کیا میرے کردار سے بہت ملتا ہے، میرا کردار روپ بھی مسائل کو اس ہی طرح حل کرتی جس طرح کشف کرتی تھی، اس کے اوپر بھی کشف کی طرح کافی ذمہ داریاں ہیں اور وہ خوش بھی نہیں، لیکن وہ ایک مضبوط عورت ہے، اور ایسا کردار اسکرین پر نبھانا آسان نہیں‘۔

مزید پڑھیں: زندگی گلزار ہے نے مچائی ہندوستان میں دھوم

بعدازاں صنم سعید نے بھی ٹوئٹر پر عالیہ بھٹ کے اس انٹرویو پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

صنم سعید نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’عالیہ اگر یہ جھوٹی خبر نہیں، تو مجھے بےحد خوشی ہوئی ہے‘۔

واضح رہے کہ ’زندگی گلزار ہے‘ صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں کامیاب ثابت ہوا تھا، اس ڈرامے کو بھارت میں ذی زندگی چینل پر نشر کیا گیا تھا۔

عالیہ بھٹ کا اپنے انٹرویو میں مزید کہنا تھا کہ ’میں نے کئی پرانی فلمیں بھی دیکھی، جیسے مغل اعظم اور عمراؤ جان، تاکہ میں ان اداکاراؤں کے انداز کو سیکھ سکوں، مجھے اپنی زبان بھی زبان کرنی تھی کیوں کہ فلم میں میں اردو بولتی نظر آؤں گی‘۔

خیال رہے کہ فلم ’کلنک‘ کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ہے جس کی ہدایات ابھیشیک ورمن دے رہے ہیں۔

اس فلم کی کہانی برصغیر کی تقسیم کے دور پر مبنی ہے، فلم میں عالیہ بھٹ کے ساتھ ورن دھون، مادھوری ڈکشٹ، سنجے دت، سوناکشی سنہا اور ادیتیہ روئے کام کررہے ہیں۔

فلم کا پہلا ٹریلر رواں ماہ کے آغاز میں ریلیز ہوا تھا، جبکہ فلم 17 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024