• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

الیکشن کمیشن کا نریندر مودی کے چینل کی نشریات بند کرنے کا حکم

شائع April 12, 2019
چینل کی نشریات بدستور جاری ہیں— فوٹو: اے ایف پی /فائل
چینل کی نشریات بدستور جاری ہیں— فوٹو: اے ایف پی /فائل

بھارتی الیکشن کمیشن نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کے چینل ’نامو ٹی وی‘ کی نشریات بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نامو (نریندر مودی )ٹی وی کو مواد نشر کرنے سے قبل منظوری لینی چاہیے تھی۔

انتخابات کے پیش نظر بھارت میں اب الیکشن قوانین عمل میں آچکے ہیں جس کے تحت کوئی بھی سیاسی مواد ، اشتہار، فلم اور حتیٰ کہ سوشل میڈیا پر بھی انتخابی مہم چلانے سے قبل الیکشن کمیشن سے منظوری لینا ضروری ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ شب جاری کیا گیا حکم نریندر مودی کی دوسری مدت کے لیے چلائی جانے والی مہم کے لیے 48 گھنٹوں میں دوسرا دھچکا ہے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے نریندر مودی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی ریلیز پر انتخابات کے اختتام تک پابندی عائد کی تھی۔

نامو ٹی وی پر 24 گھنٹے نریندر مودی کی ریلیاں، تقاریر اوران کے حق میں بنائے گئے گانے اور رقص بھی نشر کیے جارہے ہیں۔

تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے چینل کی نشریات بند کرنے کے حکم کے باوجود نامو ٹی وی کی نشریات بدستور جاری ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ نامو ٹی وی نے انتخابی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ چینل بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے اسپانسرڈ ہے اور ’ تمام سیاسی اشتہارات اور سیاسی مواد پر مبنی ریکارڈ کیے گئے پروگرامز کو نشر کرنے سے قبل تصدیق کروانا لازمی ہے‘۔

خیال رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا آغاز 11 اپریل سے ہوچکا ہے جو 7 مراحل میں 19 مئی تک جاری رہیں گے اور نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024