ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کو عہدے سے برطرف کردیا گیا
پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان کو عہدے سے برطرف کردیا گیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق پی ٹی وی کے ڈائریکٹر ایڈمن حسان عماد محمدی کو منیجنگ ڈائریکٹر کی غیر موجودگی میں انتظامات سنبھالنے کی ہدایت کی گئی۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری کے مہینے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے پی ٹی وی کو لکھے گئے خط میں پی ٹی وی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور مالی حالات کو بہتر بنانے میں ناکامی پر ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:پی ٹی وی بحران پر فواد چوہدری کی مریم اورنگزیب سے مشاورت
انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ پی ٹی وی کا خسارہ بڑھ رہا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے خسارے میں کمی لانے کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی تیار نہیں کی گئی، اگر معاملات اس ہی طرح چلتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب سرکاری ٹی وی چینل کو بند کرنا پڑے گا۔
فواد چوہدری نے اپنے خط میں پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ارشد خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ میں اعلیٰ عہدوں پر آپ سمیت کچھ افسران کو پرکشش تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا جس کی وجہ سے کم تنخواہ لینے والے ملازمین اور پنشنرز میں خفگی کا عنصر پایا جاتا ہے۔
بعد ازاں اس ہی مہینے کے آخر میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کی دعوت پر ان کے چیمبر میں ان سے ملاقات کی تھی جس میں پی ٹی وی بحران سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پی ٹی وی کو بند کرنے کا عندیہ
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی غیر قانونی طور پر ہوئی جس پر فواد چوہدری نے ان کے موقف کو سراہا تھا۔
چند روز بعد ہی وزیر اعظم آفس سے ایک خط جاری کیا گیا جس میں وزارت اطلاعات و نشریات سے سرکاری ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے لیے امیدوار کے انتخاب کے اختیارات لے کر پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اس اہم عہدے پر تعیناتی کے اختیارات سونپ دیے گئے تھے۔
وفاقی کابینہ نے میڈیا یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے میڈیا یونیورسٹی کی قیام کی منظوری دی جس کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں قائم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا یونیورسٹی کو پی ٹی وی اکیڈمی، انفارمیشن اکیڈمی اور پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کو ضم کرکے قائم کیا جائے گا۔