’ہندی میڈیم‘ کے بجائے عرفان خان کی ’انگریزی میڈیم‘ سے واپسی
بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان رواں ماہ 3 اپریل کو پہلی بار کینسر کے علاج کے بعد تنہا دیکھے گئے تھے۔
عرفان خان کو ممبئی کے ایئرپورٹ پر تقریبا 16 ماہ بعد تنہا دیکھا گیا تھا۔
عرفان خان گزشتہ برس مارچ میں ’نیورو اینڈوکرائن ٹیومر‘ میں مبتلا ہوگئے تھے اور علاج کے لیے وہ لندن منتقل ہوگئے تھے۔
اپریل 2018 کے بعد وہ مسلسل علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود تھے، اگرچہ وہ دوران علاج کچھ دنوں کے لیے بھارت بھی آئے تھے، تاہم انہیں کبھی بھی تنہا اور سرعام نہیں دیکھا گیا تھا۔
یہ خبریں اکتوبر 2018 میں یی آ چکی تھیں کہ عرفان خان صحت مند ہو رہے ہیں اور جلد ہی مکمل صحت یابی کے بعد شوبز کی دنیا میں واپسی کریں گے۔
عرفان خان نے خود کینسر کا شکار ہونے سے قبل ہی اعلان کیا تھا کہ وہ جلد 2017 کی کامیاب فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل میں کام کرتے دکھائی دیں گے، تاہم ان کی بیماری کی وجہ سے اس فلم کی شوٹنگ تاخیر کا شکار رہی۔
ان کے علاج کے دوران بھی یہ خبریں آتی رہیں کہ عرفان خان ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل کے ذریعے ہی شوبز میں واپسی کریں گے۔
اور اب مکمل صحت یابی کے بعد عرفان خان نے باقاعدہ طور پر شوبز انڈسٹری میں دوبارہ انٹری دیتے ہوئے ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ کا آغاز کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: کینسر کا شکار ہونے والے عرفان خان طویل عرصے بعد سامنے آگئے
جی ہاں، عرفان خان نے خود ہی مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ شروع کردی۔
عرفان خان نے ٹوئیٹ میں ’انگریزی میڈیم‘ کے سیٹ سے تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد ہی شائقین کو تفریح فراہم کرتے دکھائی دیں گے۔
ساتھ ہی انہون نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ’ہندی میڈیم‘ نہیں بلکہ ’انگریزی میڈیم‘ کے ذریعے واپس آ رہے ہیں۔
علاوہ ازیں بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے بھی عرفان خان کی جانب سے ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ شروع کرنے کے حوالے سے ٹوئیٹ کیا۔
انہوں نے بھی عرفان خان کی فلم کے سیٹ پر کھینچی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے فلم پروڈیوسر کے جذبات سے بھی شائقین کو آگاہ کیا۔
ترن آدرش نے لکھا کہ انہیں ’انگریزی میڈیم‘ کے پروڈیوسر نے بتایا کہ وہ عرفان خان کو دوبارہ فلموں میں دیکھ کر بہت خوش ہیں۔
ساتھ ہی ترن آدرش نے فلم کے کرداروں کے حوالے سے بھی معلومات دی اور بتایا کہ عرفان خان سیکوئل فلم میں بھی مٹھائی کی دکان چلاتے دکھائی دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ دیپک دیبریال فلم میں ان کے بھائی کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، جب کہ منی رشی ان کے کزن کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
ترن آدرش کے مطابق ’انگریزی میڈیم‘ میں عرفان خان کی ٹین ایج بیٹی کا کردار رادھیکا مدن ادا کریں گی۔
اس سے قبل یہ اطلاعات تھیں کہ سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان ان کی بیٹی کا کردار ادا کریں گی۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’انگریزی میڈیم‘ میں عرفان خان کی اہلیہ کا کردار کون ادا کریں گی، اس سے قبل ’ہندی میڈیم‘ میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے ان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا۔
’ہندی میڈیم‘ کو جولائی 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا اور فلم کی کہانی کو بہت سراہا گیا تھا، پہلی فلم ریلیز کرنے کے 3 ماہ بعد ہی فلم کی ٹیم نے اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا تھا۔