ویرات کوہلی کیلئے مسلسل تیسری بار 'وِزڈن کرکٹر' کا اعزاز
بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی لگاتار تیسری مرتبہ 'لیڈنگ کرکٹر آف دی ایئر' کا اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق برطانوی ادارے کی جانب سے 'کرکٹر آف دی ایئر' کا اعزاز دیئے جانے والے 5 کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، انگلینڈ کے سیم کیوران، جوس بٹلر، روری برنس اور انگلینڈ کی خاتون کھلاڑی ٹیمی بیومنٹ بھی شامل ہیں۔
بھارتی کپتان نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مجموعی طور پر 593 رنز اور 2 سنچریاں بنائی تھیں جس کے بعد وہ ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے تھے۔
ویرات کوہلی نے، جو ایک روزہ اور ٹیسٹ میچ میں پہلے نمبر پر ہیں، 2018 میں تمام فارمیٹ میں 2 ہزار 735 رنز بنا کر انگلینڈ کے جو روٹ کا ریکارڈ 7 سو زائد رنز سے توڑا تھا۔
مزید پڑھیں: ویرات کوہلی ون ڈے میں 10 ہزار رنز بنانے والے تیز ترین بلے باز بن گئے
وسڈن نے ایوارڈز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’شرائط پر پورا اترنے کے لیے انہوں نے تاریخی کوششیں کیں اور ویرات کوہلی کو سال کا بہترین کھلاڑی قرار دینے میں کوئی شک نہیں‘۔
وسڈن کے مطابق ’جنوبی افریقا، انگلینڈ، آسٹریلیا اور اپنے ملک میں سنچریاں بنا کر انہوں نے تمام حالات اور باؤلنگ کے خلاف مہارت دکھائی تھی‘۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی نے تاریخ رقم کردی، آئی سی سی کے تینوں بڑے ایوارڈز لے اڑے
بیان میں کہا گیا کہ ’وہ دباؤ سے کبھی نہیں ڈرے‘۔
خیال رہے کہ رواں برس ویرات کوہلی کو لگاتار تیسری مرتبہ لیڈنگ کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
بھارت کی سمرتی مندھانا نے خواتین کا اعزاز حاصل کیا جبکہ افغانستان کے راشد خان نے لیڈنگ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹر کا اعزاز برقرار رکھا۔
وسڈن کرکٹرز کا حالیہ ایڈیشن ’المانیک‘ جسے کرکٹ میں بہت اہمیت حاصل ہے، 11 اپریل کو شائع ہو رہا ہے۔