• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری، فریال تالپور کی ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع

شائع April 10, 2019
اسلام آباد ہائی کورٹ نے  آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی 10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی تھی — فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی 10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی تھی — فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکاونٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عمر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت آصف علی زرداری اور فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق صدر کی ضمانت کی درخواست اور ان کے خلاف جاری تحقیقات کی تفصیلات سے متعلق جواب جمع نہ کرایا جا سکا۔

جسٹس عامر فاروق نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کب تک جواب داخل کریں گے؟ آصف زرداری کے خلاف کتنی تحقیقات چل رہی ہیں؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آصف علی زرداری کے خلاف 3 انکوئریز اور 2 تحقیقات جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ جن کیسز میں طلب نہیں کیا ان کی تفصیلات نہیں بتاسکتے۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: 2 ملزمان پی پی پی قیادت کے خلاف گواہ بننے کیلئے تیار

جسٹس محسن اختر کیانی نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کہیں آپ ملزمان کو سرپرائیز تو نہیں کردیں گے؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آصف زرداری کو جن کیسز میں طلب کیا ان کی تفصیلات بتادیں گے۔

بعد ازاں عدالت عالیہ نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے حکم دیا کہ نیب ان تحقیقات سے متعلق جواب جمع کرائے۔

جسٹس عامر فاروق نے فاروق ایچ نائیک سے سوال کیا کہ عدالت میں اتنے حمایتیوں کو کیوں لایا جاتا ہے؟ جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری نے ہائیکورٹ اور ٹرائل کورٹ میں لوگوں کو آنے سے منع کررکھا ہے۔

علاوہ ازیں دوران سماعت کمرہ عدالت میں موبائل فون استعمال کرنے پر 2 وکلا کے فون ضبط کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل، آصف زرداری کی حفاظتی ضمانت منسوخ

پی پی پی کے دونوں رہنماؤں کی پیشی کے موقع پر عدالت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ہائی کورٹ آنے والی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند کی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی 10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

کیس کا پس منظر

2015 کے جعلی اکاؤنٹس اور فرضی لین دین کے مقدمے کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور ان کے کاروباری شراکت داروں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، سندھ بینک اور سمٹ بینک میں موجود ان 29 بے نامی اکاؤنٹس میں موجود رقم کی لاگت ابتدائی طور پر 35ارب روہے بتائی گئی تھی۔

اس سلسلے میں ایف آئی اے نے معروف بینکر حسین لوائی کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ماہ اگست میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں ہی اومنی گروپ کے چیئرمین انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب کی دوسری پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

7 ستمبر 2018 کو سپریم کورٹ نے سابق صدر مملکت اور ان کی بہن کی جانب سے مبینہ طور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیے جانے کے مقدمے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی تھی۔

اس جے آئی ٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سے پوچھ گچھ کی تھی جبکہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو سے بھی معلومات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آصف علی زرداری نے جے آئی ٹی کو بتایا تھا کہ 2008 سے وہ کسی کاروباری سرگرمی میں ملوث نہیں رہے اور صدر مملکت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے خود کو تمام کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں سے الگ کرلیا تھا۔

بعد ازاں اس کیس کی جے آئی ٹی نے عدالت عظمیٰ کو رپورٹ پیش کی تھی، جس میں 172 افراد کا نام سامنے آیا تھا، جس پر وفاقی حکومت نے ان تمام افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کردیے تھے۔

تاہم 172 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے برہمی کا اظہار کیا تھا اور معاملے پر نظرثانی کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: احتساب عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کرلیا

بعدازاں نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سیکریٹری آفتاب میمن، شبیر بمباٹ، حسن میمن اور جبار میمن کو گرفتار کر کے 14 روزہ ریمانڈ بھی حاصل کیا تھا، ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ان ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا۔

اس سلسلے میں 20 مارچ کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پارک لین اسٹیٹ کرپشن کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب کے سامنے پیش ہوکر اپنے بیانات قلم بند کرائے تھے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے یہ کیس نیب کے سپرد کرتے ہوئے 2 ماہ میں تحقیقات کا حکم دیا تھا اور نیب نے اس کے لیے مشترکہ انویسٹی گیشن ٹیم قائم کی تھی، جس کے سامنے آصف زرداری پیش ہوئے تھے۔

15 مارچ کو کراچی کی بینکنگ عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی کی نیب کی درخواست منظور کی تھی اور ساتھ ہی آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر ملزمان کی ضمانتیں واپس لیتے ہوئے زر ضمانت خارج کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کے سامنے بیانات قلمبند کرادیے

جس کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے اس کیس میں نامزد آٹھوں ملزمان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 8 اپریل تک ملتوی کی تھی اور 9 اپریل کو احتساب عدالت نے باقاعدہ طور پر جعلی بینک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کا آغاز کیا۔

احتساب عدالت کے رجسڑار نے بینکنگ کورٹ سے منتقل کئے جانے والے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد اسے احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کی عدالت میں منتقل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024