ایل اوسی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، خاتون سمیت 6 افراد زخمی

شائع April 6, 2019
رواں ہفتے بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان بھی شہید ہوئے تھے—فائل/فوٹو:ڈان
رواں ہفتے بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان بھی شہید ہوئے تھے—فائل/فوٹو:ڈان

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول میں آزاد کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر میں ‘بلااشتعال فائرنگ’ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 بچوں اور ایک خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے حملے میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بچوں اور خاتون سمیت تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے موثر جواب دیا اور بھارتی فوج کے کئی پوسٹس کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ بھارتی فورسز نے 2 اپریل کو بھی ایل او سی میں بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری جاں بحق اور دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ دوسرے واقعے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:ایل او سی: بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہری جاں بحق

حویلی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر فارورڈ کہوٹہ کے پولیس افسر انصار صدیق کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے پیر کی صبح 7 بجے نیزہ پیر پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے پاکستانی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

حملے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گولے کے اسپلنٹرز لگنے سے اَخوری گاؤں میں مویشیوں کو چرانے والے 75 سالہ بزرگ شہری غلام محمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

انصار صدیق نے کہا تھا کہ اسی سیکٹر کے گاؤں کیرنی میں 15 سالہ محمد یوسف اور 15 سالہ محمد آصف جبکہ مَندھار گاؤں میں 55 سالہ اکبر جان اور 11 سالہ محمد شہزاد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے جوانوں کی شہادت کے حوالے سے کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے راول کوٹ سیکٹر کے رکھ چکری کے مقام پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افراد شہید

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جھنگ سے تعلق رکھنے والے صوبیدار محمد ریاض، نوشہرو فیروز سے تعلق رکھنے والے لانس حوالدار عزیز اللہ اور ایبٹ سے تعلق رکھنے والے سپاہی شاہد منصب شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ’پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 7 بھارتی فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے ہیں‘۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ’جوابی کارروائی میں دشمن کی متعدد چیک پوسٹیں بھی تباہ ہوگئی‘۔

خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی (سیز فائر) معاہدے کی خلاف ورزی کے واقعات اکثر رونما ہوتے ہیں۔

ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025