• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی، وزیر اطلاعات

شائع April 5, 2019
وزیرخزانہ نے بھی شہریوں کو ڈالرز نہ خریدنے کا مشورہ دیا تھا— فائل فوٹو / اے ایف پی
وزیرخزانہ نے بھی شہریوں کو ڈالرز نہ خریدنے کا مشورہ دیا تھا— فائل فوٹو / اے ایف پی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ڈالر کو ذخیرہ کرنے اور کرنسی کی مشکوک تجارت کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹویٹر' پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ‘حکومت، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو ہدایات دے چکی ہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور کرنسی کی مشکوک تجارت کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کی جائے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر کارروائی شروع کی جارہی ہے’۔

خیال رہے کہ وزیر اطلاعات ونشریات کا ڈالر کے حوالے سے بیان وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے روپے کی قدر مزید کم کرنے کے تاثر کو رد کرنے کے فوری بعد آیا ہے، جہاں انہوں نے واضح کیا تھا کہ ڈالر خرید کر اپنے پیسے ضائع نہ کریں۔

مزید پڑھیں: روپے کی قدر مزید کم نہیں ہو گی، وزیر خزانہ

گزشتہ برس اگست میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک روپے کی قدر میں 25 فیصد کمی واقع ہو چکی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا تھا کہ 'آج اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے واضح بیان میں کہا ہے کہ روپیہ توازن میں آگیا ہے، لہٰذا روپے کی قدر میں زیادہ کمی کی کوئی وجہ نہیں۔'

انہوں نے کہا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات میں اس بارے میں کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا کہ ایکسچینج ریٹ کیا ہونا چاہیے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ روایتی طور پر پاکستانی معیشت کو ہونے والے نقصانات کے سبب ایکسچینج ریٹ مالیت سے زیادہ رکھتا ہے، روپے کو اس کی بنیاد کے مساوی ہونا چاہیے اور اس کا بینچ مارک ریئل افیکٹو ایکسچینج ریٹ ہونا چاہیے۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ڈالر خرید کر اپنے پیسے ضائع نہ کریں اور اس کے بجائے اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024