• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سمرتی ایرانی کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال، کانگریس کے حلیف رہنما گرفتار

شائع April 4, 2019
اسمرتی ایرانی کے خلاف نازیباں زبان کا استعمال کرنے والے شخص کو ضمانت پر رہا بھی کردیا گیا۔ — فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
اسمرتی ایرانی کے خلاف نازیباں زبان کا استعمال کرنے والے شخص کو ضمانت پر رہا بھی کردیا گیا۔ — فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما سمرتی ایرانی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والے پیپلز ریپبلکن پارٹی (پی آر پی) کے رہنما جے دیپ کواڈے کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پی آر پی رہنما کو یونین منسٹر اور بی جے پی رہنما سمرتی ایرانی کے خلاف ایک انتخابی ریلی کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے یکم اپریل کو انتخابی ریلی کے دوران ہتک آمیز القاب استعمال کرنے پر ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کردیا تھا، تاہم انہیں گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایم ایل سی جوگیندرا کواڈے کے صاحبزادے 32 سالہ جے دیپ کواڈے خاتون وزیر کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کررہے ہیں جبکہ ان ساتھ پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی انتخابات: گوگل اشتہار پر کروڑوں روپے خرچ، مودی کا دوسرا نمبر

میئر ناگپور اور بی جے پی کی خاتون رہنما نندا جِچھاکر کی سربراہی میں بی جے پی کی خاتون رہنماؤں نے پولیس سربراہ بی کے اوپادھے سے رابطہ کیا اور جے دیپ کواڈے اور ناگپور سے کانگریس کے امیدوار نانا پٹول کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے جے دیپ کواڈے کو گرفتار کیا، تاہم انہیں کچھ دیر بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

بھارت میں انتخابی مہم زوروں پر ہے اور تمام ہی سیاسی رہنما جلسے جلوسوں سمیت ہر فورم پر ایک دوسرے کے خلاف لعن طعن کرنے میں مصروف ہیں۔

تاہم اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں پی آر پی کے رہنما جے دیپ کواڈے نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی رہنما اور ٹیکسٹائل کی وزیر سمرتی ایرانی پر برس پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی انتخابات: پریانکا گاندھی کا نریندر مودی کے خلاف انتخاب لڑنے کا عندیہ

سمرتی ایرانی کی جانب سے بھارتی آئین میں قانون سازی کرنے سمیت ترامیم کرنے کی تجاویز پر جے دیپ کواڈے نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ آئین بدلنا شوہر بدلنے کی طرح آسان نہیں۔

پی آر پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ سمرتی ایرانی ماتھے پر اس لیے بڑی بندیا سجاتی ہیں، تاکہ وہ اسے 'مختلف شوہروں' کے نام کر سکیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں عام انتخابات رواں ماہ 11 اپریل سے شروع ہوں گے، جس میں 90 کروڑ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے لوک سبھا (ایوان زیریں) کے اراکین کو منتخب کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024