• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستانی ڈرامے جون سے سعودی عرب میں نشر ہوں گے

شائع April 4, 2019
دھوپ کنارے پہلی بار 1987 میں نشر ہوا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
دھوپ کنارے پہلی بار 1987 میں نشر ہوا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

یوں تو پاکستانی ڈرامے امریکا، برطانیہ، کینیڈا، بھارت اور یورپ کے چند ممالک سمیت خلیجی ممالک میں بھی دیکھے جاتے ہیں۔

تاہم اب پہلی بار سعودی عرب میں پاکستانی ڈراموں کو وہاں کے ٹیلی وژن پر عربی زبان میں پیش کیا جائے گا۔

پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں نشر کیے جانے کے حوالے سے گزشتہ ماہ 29 مارچ کو وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پاکستانی ڈراموں کو نشر کیے جانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

سعودی عرب کے دورے کے دوران ریاض میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان نے سعودی عرب کو پاکستانی ڈراموں کی فراہمی کی پیش کش کی ہے اور جلد ہی پاکستانی ڈراموں کو عرب زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب کو فراہم کردیے جائیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان نے سعودی ایئرلائن سے درخواست کی ہے کہ وہ عربی میں ڈب کی گئی پاکستانی فلموں اور ڈراموں کو بھی اپنی پروازوں کے دوران دکھائے۔

تاہم فواد چوہدری نے یہ نہیں بتایا تھا کہ پاکستانی ڈرامے کب تک سعودی عرب میں نشر کیے جاسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ڈرامے سعودی عرب میں نشر ہوں گے

لیکن اب پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رواں برس جون سے پاکستانی ڈرامے سعودی عرب میں نشر کیے جائیں گے۔

تنہائیاں کو بھی 1985 میں پہلی بار نشر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
تنہائیاں کو بھی 1985 میں پہلی بار نشر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

پی ٹی وی کے عالمی تعلقات کی ڈائریکٹر شازیہ سکندر نے تصدیق کی کہ جون 2019 سے پاکستانی ڈراموں کو عربی زبان میں سعودی عرب میں نشر کیا جائے گا۔

شازیہ سکندر نے ’عرب نیوز‘ کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں ماضی کے 2 مقبول ڈراموں ’دھوپ کنارے‘ اور ’تنہائیاں‘ کو سعودی عرب میں نشر کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

شازیہ سکندر کا کہنا تھا کہ ڈراموں کی عربی ڈبنگ شروع کردی گئی ہے اور انہیں رواں برس جون میں سعودی عرب میں نشر کیا جائے گا۔

انہوں نے اس عمل کو نہ صرف پاکستانی معیشت کے لیے اہم قرار دیا بلکہ انہوں نے اس قدم کو سعودی عرب کے شہریوں کے لیے بھی بہتر قرار دیا اور کہا کہ اس سے سعودی شہریوں کو پاکستان کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ ’دھوپ کنارے‘ کو 1987 میں پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، اس ڈرامے کا شمار پاکستان کے ہر دور کے مقبول اور مشہور ڈراموں میں ہوتا ہے۔

یہ ڈرامہ حسینہ معین کی تخلیقی صلاحیتوں کا شاہکار تھا جب کہ ہدایات راحت کاظمی کی بیگم اور معروف اداکار ساحرہ کاظمی نے دی تھیں۔

مرینہ خان اور راحت کاظمی کو اس ڈرامے کے بعد بہترین آن سکرین جوڑا تسلیم کیا گیا۔ ڈاکٹروں کی زندگی پر بننے والا یہ ڈرامہ سنجیدہ راحت کاظمی اور شوخ و چنچل مرینہ خان کے گرد ہی گھومتا ہے اور ان کی کیمسٹری نے اس ڈرامے کو پی ٹی وی کی تاریخ کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک بنا دیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان ٹیلی وژن کے یادگار ڈرامے

’تنہائیاں‘ کو بھی پہلی بار 1985 میں پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، یہ ڈرامہ بھی ہر دور کے مقبول ڈراموں میں شمار ہوتا ہے۔

’تنہائیاں‘ میں شہناز شیخ، آصف رضا میر، بدر خلیل، بہروز سبزواری اور مرینہ خان جیسے اداکاروں سے سجا ہوا تھا۔

اس ڈرامے کے ہر اداکار نے اپنے کردار سے مکمل انصاف کیا اور اسے شاہکار بنا دیا۔ حسینہ معین کا اسکرپٹ اور شہزاد خلیل کی ہدایات میں بننے والا یہ ڈرامہ دو بہنوں کے گرد گھومتا ہے جو ایک حادثے میں اپنے والدین سے محروم ہوجاتی ہیں اور خالہ کے ساتھ مل کر زندگی کی مشکلات کا سامنا کرتی ہیں۔ زندگی کے نشیب و فراز سے گزرتے اور منزل کی جانب سفر جاری رکھتے ہوئے ان کا واسطہ کئی دلچسپ کرداروں سے پڑتا ہے اور یہ سفر دیکھنے والوں کو بھی اپنے ساتھ باندھے رکھتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024