• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مہنگائی کا سبب خسارہ ہے جو عوام کیلئے تکلیف دہ ہے، وزیر خزانہ

شائع April 3, 2019 اپ ڈیٹ April 4, 2019
اسد عمر ڈیجیٹیل میڈیا کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے—فوٹو: ڈان ڈاٹ کام
اسد عمر ڈیجیٹیل میڈیا کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے—فوٹو: ڈان ڈاٹ کام

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے مہنگائی کو عوام کے لیے تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پالیسیوں سے معیشت کی بہتری مستقل ہوگی جس کے نتیجے میں اگلے وزیر خزانہ کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نہیں جانا پڑے گا اور 5 برس بعد لوگ تسلیم کریں گے کہ ہماری پالیسیاں کمزور طبقے کے لیے سود مند تھیں۔

اسلام آباد میں ڈیجیٹل میڈیا اداروں کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ ‘اس وقت جو صورت حال ہے اس میں دو چیزیں ہورہی ہیں جو عوام کے لیے تکلیف دہ ہیں، ایک تو یہ کہ مہنگائی نظر آرہی ہے اور دوسری معیشت کی ترقی کی رفتار نسبتاً سست ہوئی ہے یہ عوام کے اندر دو بڑی چیزیں ہیں، باقی جو چیخیں لگا رہے ہیں وہ مافیا ہیں کیونکہ ان کی دُم پیر کے نیچے آگئی ہے اور چیخیں عوام کی نہیں بلکہ اس مافیا کی نکلیں گی’۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ‘میں ستمبر میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج گیا تھا اور وہاں کہا تھا کہ آپ دو سال اسٹبلائزیشن سے گزریں گے اور پہلے 6 ماہ شدید بحران کا دور ہوگا لیکن تمام ماہرین کہتے تھے کہ آپ ایسا نہیں کرسکیں گے، تاہم میرا ماننا تھا ایسا ہوگا اور وہ بحران ختم ہوچکا ہے جبکہ اسٹبلائزیشن کا دور جاری ہے’۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کا نئی 'ٹیکس ایمنسٹی اسکیم' لانے کا عندیہ

ان کا کہنا تھا کہ ’23 جنوری کے بجٹ کے بعد کاروباری حضرات نے کہا کہ صحیح سمت میں جارہے ہیں اور جون کے بجٹ کے بعد بھی کہیں گے کہ ہم صحیح سمت میں جارہے ہیں، کیونکہ پہلے سروائیول پھر اسٹیبلائزیشن اور پھر گروتھ شروع ہوگی جو آہستہ آہستہ ہوگی’۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں جو بحران ورثے میں ملا ہے اس کی مثال آئی ایم ایف کے پاس بھی نہیں ہے اور آئی ایم ایف نے خود اس کا اعتراف کیا ہے، میں کسی دن بتاؤں گا کہ یہ لمبی تقریریں کرنے والے ہماری معیشت کہاں چھوڑ کر گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بجٹ، بجلی اور گیس کے نظام میں خسارہ ہے جس کے باعث عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے اس لیے خسارہ کم کرنا ہے اور بیرونی خسارہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو ڈھائی ارب ڈالر سالانہ تھا، آخری سال میں 19 ارب ڈالر تھا اور ہماری حکومت آنے سے قبل آخری تین ماہ مئی، جون اور جولائی میں اوسط خسارہ دو ارب ڈالر مہینہ تھا’۔

مزید پڑھیں:ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت قومی خزانے میں 80 ارب روپے جمع

اسد عمر کا کہنا تھا کہ خسارے کو کم کرنے کے دو طریقے ہیں، برآمدات بڑھائیں یا درآمدات کم کریں، فوری طور پر درآمدات کو قابو کرنا ہوتا ہے جس سے معیشت کی رفتار سست ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ گئے تو روپیہ کریش کرسکتا ہے اور مارکیٹ گر سکتی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بڑی اصلاحات کرلی گئی ہیں اور ڈیٹا نادرا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم اس پر رائے آرہی ہے کہ ملک سے باہر جن کا پیسہ ہے ان کو ایک موقع ملنا چاہیے، گرے اکانومی میں سارے چور ڈکیٹ نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی کا جائزہ لینے کے لیے 'پرائس مانیٹرنگ کمیٹی' کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کا پورا نظام ڈی ریگولیٹ کرنا ہوگا، بجلی کے شعبے میں مارکیٹ پر مبنی نظام لانا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024