• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

'دوسروں کی پروا نہیں، آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں'

شائع April 1, 2019
میرے لیڈر صرف عمران خان ہیں، جہانگیر ترین— فوٹو بشکریہ جہانگیر ترین ٹوئٹر اکاؤنٹ
میرے لیڈر صرف عمران خان ہیں، جہانگیر ترین— فوٹو بشکریہ جہانگیر ترین ٹوئٹر اکاؤنٹ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ میں صرف ایک شخص کو اپنا لیڈر مانتا ہوں اور اس کا نام عمران خان ہے۔

خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کی حکومتی اجلاس میں شرکت پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے والے پی ٹی آئی رہنما سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ جہانگیر ترین کی حکومتی اجلاس میں شرکت کو پارٹی کا کارکن ذہنی طور پر قبول نہیں کر پارہا۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود یا جہانگیر ترین، کون ہے خان کے قریب ترین؟

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 'میں ان سے کہوں گا کہ میرے بھائی جب آپ حکومتی اجلاس میں بیٹھتے ہیں تو مریم اورنگزیب کو پریس کانفرنس کا موقع ملتا ہے اور مسلم لیگ (ن) سوال اٹھاتی ہے کہ یہ توہینِ عدالت نہیں تو کیا ہے؟'

شاہ محمود قریشی کے بیان کے فوری بعد پارٹی رہنما جہانگیر ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں دوسروں کی حیرت انگیز وجوہات کی پروا نہیں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ 'میری زندگی میں صرف ایک ایسا شخص ہے جنہیں میں اپنا لیڈر مانتا ہوں اور انہی کو جوابدہ ہوں، وہ لیڈر عمران خان ہیں۔'

یہ بھی پڑھیں: 'عمران خان نے یوٹرن لے کر جہانگیر ترین کو کابینہ میں بٹھا لیا'

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ میں عمران خان کے ہر اچھے اور برے دور میں ان کے ساتھ کھڑا رہا اور اپنی آخری سانس تک ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے دو سینئر رہنماؤں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کے درمیان اختلافات کی خبریں عام انتخابات 2018 سے قبل گردش کرتی رہی ہیں۔

گزشتہ برس مئی میں دونوں رہنماؤں کے مابین اختلافات کھل کر سامنے آگئے تھے اور پارٹی اجلاس کے دوران دونوں ایک دوسرے پر پارٹی کی ساخت کو نقصان پہنچانے کا الزام لگا تے رہے۔

ہمیں کوئی بھی ہدایت نہیں دے سکتا، فیصل واوڈا

ادھر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اور پارٹی کے اہم رہنما فیصل واوڈا بھی جہانگیر ترین کی حمایت میں میدان میں آگئے۔

انہوں نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ جہانگیر خان ترین وفاقی کابینہ کے اراکین کی اجازت سے حکومتی اجلاس میں شرکت کرتے ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ جہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے بے لوث خدمات ہیں، ہم بطور سینئر ساتھی جہانگیر ترین کی بہت عزت کرتے ہیں اور ان کی سیاسی مہارت سے سیکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پارٹی میں موجود کوئی بھی شخص ہمیں ہدایت نہیں دے سکتا، وزیراعظم عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور ہم صرف انہیں سے ہدایت لیتے ہیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 15 دسمبر 2017 کو جہانگیر ترین پر اثاثے چھپانے اور آف شور کمپنیاں رکھنے کا الزام ثابت ہونے پر آئین کے آرٹیکل 62 (ون)(ایف) کے تحت قومی اسمبلی کی رکنیت اور پارٹی عہدہ رکھنے سے نااہل قرار دے دیا تھا جبکہ پارٹی چیئرمین عمران خان کو اہل قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024