• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شاہ محمود قریشی حکومتی اجلاس میں جہانگیر ترین کی شرکت کے مخالف

شائع April 1, 2019
نئے پاکستان کی سوچ بدلی ہوئی ہے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی — فوٹو: ڈان نیوز
نئے پاکستان کی سوچ بدلی ہوئی ہے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی — فوٹو: ڈان نیوز

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین سے متعلق کہا ہے کہ ان کی حکومتی اجلاس میں شرکت کو پارٹی کا کارکن ذہنی طور پر قبول نہیں کر پارہا۔

لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اپنی جماعت کے رہنما جہانگیر خان ترین کی صلاحیتوں کا معترف ہوں اور پارٹی کے لیے ان کی بے پناہ خدمات ہیں جن کا میں اعتراف کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 'میں ان سے کہوں گا کہ میرے بھائی جب آپ حکومتی اجلاس میں بیٹھتے ہیں تو مریم اورنگزیب کو پریس کانفرنس کا موقع ملتا ہے اور مسلم لیگ (ن) سوال اٹھاتی ہے کہ یہ توہینِ عدالت نہیں تو کیا ہے؟'

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 62 (ون) (ایف) اگر نواز شریف پر لگ جاتا ہے تو ہم کہتے ہیں کہ اب مسلم لیگ (ن) کے قائد پارٹی اور حکومتی عہدہ رکھنے کے اہل نہیں ہیں، اگر یہی آرٹیکل ہم پر لگ جائے تو اس کا مطلب کچھ اور ہوجائے'۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا کارکن ذہنی طور پر جہانگیر ترین کی حکومتی اجلاس میں شرکت کو قبول نہیں کر پارہا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جہانگیر ترین سے درخواست ہے کہ وہ پسِ پردہ رہتے ہوئے پی ٹی آئی کی رہنمائی کریں۔

'کاش ہمیں ایسی قیادت مل جائے جو اس باصلاحیت قوم کی سمت درست کردے'

قبل ازیں لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم باصلاحیت ہے، کاش ہمیں ایسی قیادت مل جائے جو اس قوم کی سمت درست کردے، اب یہ سمت درست کرنے اور نیا پاکستان بنانے کا وقت آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کی سوچ بدلی ہوئی ہے، آج اس ملک کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس ملک کا مستقبل محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا بدلتا ہوا پاکستان دیکھ رہی ہے اور اگر کسی شک تھا تو وہ پاکستانی حکومت کے حکم پر پاک فضائیہ نے بھارت جارحیت کا جواب دے کر یہ پیغام دے دیا کہ یہ پرانا پاکستان نہیں بلکہ نیا پاکستان ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں 'بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم امن سے رہتے ہیں، ہماری نئی نسل کو چھیڑنا مت۔'

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی خواہشمند ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر کے لیے بھی پڑوسی ملک سے مذاکرات کی کوشش کی جارہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی آواز پوری دنیا تک پہنچ رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ’ذاتی حیثیت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام میں تبدیلی نہیں چاہتا‘

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری کارجہ پالیسی کا محور ملکی مفادات کا تحفظ ہے، پاکستان کا خطے کی خوشحالی میں بہت کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں حاصل کیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی الیکشن میں کامیابی کے پیچھے نواجوان ووٹرز، پڑھے لکھے طبقے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا سب سے بڑا کردار ہے جس کا ہم اعتراف کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نواز، زرداری جو مرضی کرلیں، ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ہمارے نیک ارادوں میں کامیابی عطا فرمائے۔

انہوں نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور پرعزم ہیں، مجھے یقین کامل ہے کہ ہم رہیں نہ رہیں لیکن نوجوان پاکستان کو وہ مقام دلوائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا اور جس کی تعبیر قائد اعظم محمد علی جناح نے کی تھی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس قوم میں بہترین صلاحیتیں موجود ہیں، کاش ہمیں ایسی قیادت مل جائے جو اس قوم کی سمت درست کردے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اب اس قوم کی سمت درست کرنے اور نیا پاکستان بنانے کا وقت آگیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024