وزیر اعلیٰ پنجاب کے والد فتح محمد بزدار انتقال کر گئے
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد خان بزدار پیر کو حرکت قلب بند ہونے کے سبب انتقال کر گئے۔
ڈیرہ غازی خان سے تین مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے فتح محمد بزدار اپنے قبیلے بزدار کے سردار تھے، انہوں نے تدریس کے شعبے کو اپنایا جبکہ زراعت سے بھی وابستہ رہے۔
انہوں نے سوگواروں میں ایک بیوی، پانچ بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
سردار دوست محمد خان بزدار کے بیٹے فتح محمد بزدار بارتھی میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1964 میں جامعہ کراچی سے پولیٹیکل سائنس میں ایم اے کیا تھا۔
وہ 84-1983 میں مجلس شوریٰ اور ڈیرہ غازی خان کی ڈسٹرکٹ کونسل کے رکن رہے جبکہ 07-2003 تک سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور اوقاف کے چیئرمین بھی رہے۔
وہ 1985، 2002 اور 2008 میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور اپنے سیاسی کیریئر میں مسلم لیگ ق، مسلم لیگ ن اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے وابستہ رہے۔
ان کی نماز جنازہ شام چار بجے تونسہ شریف اور شام 7بجے ان کے آبائی علاقے بارتھی میں ادا کی جائے گی۔
سینئر سیاستدانوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور تحریک انصاف کے جہانگیر ترین سمیت متعدد رہنماؤں نے سردار فتح محمد بزدار کے انتقال پر وزیر اعلیٰ پنجاب سے تعزیت کی۔