نریندر مودی کا اینٹی سیٹلائٹ میزائل کے تجربے کا دعویٰ، سوشل میڈیا پر تنقید
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹی وی خطاب کے دوران اینٹی سیٹلائٹ میزائل سے خلا میں سیٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کے دعوے پر سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت 'کانگریس' کے صدر راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعظم مودی کو 'ورلڈ تھیٹر ڈے' کی مبارک باد دینا چاہتے ہیں۔
سماج وادی پارٹی کے رہنما اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکیلیش یادو نے کہا کہ 'آج مودی نے ٹی وی پر ایک گھنٹہ ضائع کیا اور قوم کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کی۔'
موسیقار وشال دادلانی نے یاد دلایا کہ بھارت نے خلا میں سیٹلائٹ تباہ کرنے کی صلاحیت 2012 میں ہی حاصل کر لی تھی لیکن تجربہ 2019 میں کیا گیا ہے، کیا ہم اب ملازمتوں کی بات کر سکتے ہیں۔
صحافی شیکھر گپتا نے کہا کہ بالاکوٹ حملے کی ناکامی کے بعد مودی سرکار نے یہ تجربہ اخباروں کی ہیڈلائنز بنانے اور الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے کیا۔
دوسری جانب پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان خلا میں اسلحہ کی دوڑ سے اجتناب کا حامی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ تمام ممالک کوخلا کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے میزائل ٹیسٹ کے دوران نچلی مدار کے سیٹلائٹ کو تباہ کردیا ہے جس کے بعد وہ عالمی سطح پر اس صلاحیت کا حامل چوتھا ملک بن گیا ہے۔
ان کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب چند ہفتوں پر بھارت میں انتخابات کا آغاز ہونے والا ہے۔
الیکشن کمیشن کا نوٹس
بھارت کے الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اینٹی سیٹلائٹ میزائل کے تجربے پر ٹی وی پر خطاب پر ضابطوں کی خلاف ورزی کے حوالے سے غور کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ’نریندر مودی کے خطاب کی طرف ہماری توجہ دلائی گئی جس پر کمیشن نے کمیٹی افسران کو ضابطوں کے تحت معاملے پر نظر ڈالنے کی ہدایت کی ہے‘۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطوں کے تحت اس بات کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ حکمراں جماعت مہم کے دوران ووٹروں پر اثر انداز ہونے کے لیے ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں۔