• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عامر لیاقت کا مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

شائع March 26, 2019
عامر لیاقت نے فلم لوڈ ویڈنگ کی پوری ٹیم کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
عامر لیاقت نے فلم لوڈ ویڈنگ کی پوری ٹیم کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے رواں ماہ 17 مارچ کو اداکارہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز کے لیے منتخب کیے جانے کے بعد تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

عامر لیاقت نے اگرچہ مہوش حیات کو صرف تمغہ امتیاز دیے جانے پر تنقید کا نشانہ نہیں بنایا تھا، تاہم انہوں نے اداکارہ پر تنقید ایسے وقت میں کی تھی جب انہیں چوتھے بڑے سول اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔

عامر لیاقت نے دراصل مہوش حیات کو گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ میں کام کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ فلم کی کہانی ان کے گرد گھومتی ہے اور ان کی رضامندی کے بغیر ہی انہیں غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فلم لوڈ ویڈنگ کے معاملے پر عامر لیاقت کی مہوش حیات پر تنقید

مہوش حیات پر تنقید کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے اداکارہ کی ٹوئیٹ پر کمنٹ کیا تھا کہ 'تو کیا میں بھی آپ کے خلاف فلم لوڈ ویڈنگ پر ہرجانے کا دعویٰ دائر نہ کروں، جو کہ پوری فلم میرے گرد گھومتی ہے، جس میں میری رضامندی کے بغیر مجھے غلط انداز سے پیش کیا گیا اور کردار کشی کی گئی۔ ایک فنکار ہونے کے ناطے آپ کو ایسی فلم میں کام نہیں کرنا چاہئے تھا مگر آپ اسے روک نہیں سکیں۔

اگرچہ مہوش حیات نے عامر لیاقت حسین کی تنقید کا کوئی جواب نہیں دیا تھا، تاہم اب ٹی وی میزبان نے اداکارہ سمیت ’لوڈ ویڈنگ‘ کی پوری ٹیم کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا ہے۔

عامر لیاقت حسین نے اپنے ٹوئیٹ میں اعلان کیا کہ وہ جلد ہی مہوش حیات، فہد مصطفیٰ اور ’لوڈ ویڈنگ‘ کی پوری ٹیم کے خلاف عدالت جائیں گے۔

عامر لیاقت نے ایک بار پھر مہوش حیات کو ایوارڈ ملنے پر تنقید کا نشانہ بنایا—اسکرین شاٹ
عامر لیاقت نے ایک بار پھر مہوش حیات کو ایوارڈ ملنے پر تنقید کا نشانہ بنایا—اسکرین شاٹ

عامر لیاقت نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’مہوش حیات کو تمغہ امتیاز ملا اس حوالے سے وہ جانیں یا انہیں یہ ایوارڈ دلوانے والے جانیں، تاہم اب نبیل قریشی، فضا علی میرزا ،فہد مصطفیٰ اور خود اداکارہ کو فلم لوڈ ویڈنگ کے حوالے سے عدالت کاسامنا کرنا پڑے گا‘۔

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے اگرچہ اداکارہ اور فلم لوڈ ویڈنگ کی ٹیم کے خلاف عدالت میں جانے کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک عدالت جائیں گے۔

مزید پڑھیں: مہوش حیات،ریما اور بابرہ سمیت 8 شوبز شخصیات نے سول ایوارڈز وصول کرلیے

ساتھ ہی انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ تمغہ امتیاز کا ایوارڈ دیتے وقت جب یہ اعلان کہا گیا کہ “مہوش حیات نے پاکستان میں سب سے زیادہ فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تو سوچیے دیگر فنکاروں پر کیا گذری ہوگی؟

علاوہ ازیں عامر لیاقت نے مہوش حیات کو تمغہ امتیاز ملنے کے بعد ان کے خلاف ایک اور ٹوئیٹ کیا اور ایک صحافی کی ویڈیو کا لنک بھی شیئر کیا۔

خیال رہے کہ مہوش حیات کو فلم انڈسٹری میں ان کی خدمات کے عوض 23 مارچ کو ایوان صدر اسلام آباد میں صدر مملکت عارف علوی نے تمغہ امتیاز دیا تھا۔

مہوش حیات کے علاہ اداکارہ بابرہ شریف، ریما خان سمیت شوبز کی 8 شخصیات کو بھی تمغہ امتیاز سمیت دیگر سول اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

مہوش حیات کو تمغہ امتیاز کے لیے منتخب کیے جانے پر ان پر نہ صرف عامر لیاقت حسین بلکہ دیگر عام افراد نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مہوش حیات نے تمغہ حاصل کرنے کے بعد انسٹاگرام پر ایوارڈ کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی—فوٹو: انسٹاگرام
مہوش حیات نے تمغہ حاصل کرنے کے بعد انسٹاگرام پر ایوارڈ کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024