کراچی میں سی این جی اسٹیشن پر سیلنڈر دھماکا، 2 افراد جاں بحق
کراچی میں ایک سی این جی اسٹیشن پر سیلنڈر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
شہر قائد کے علاقے پاور ہاؤس میں واقع ایک سی این جی اسٹیشن کے کمپریسر روم میں سیلنڈر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا۔
دھماکے کے بعد 6 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو اداروں نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی: نجی اسکول کی وین میں آتشزدگی، 10 بچے جھلس کر زخمی
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال پہنچنے کے بعد زخمیوں میں سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیلنڈر پھٹنے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک واقعے میں سیلنڈر دھماکے اور کمپریسر پھٹنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعہ جس کمرے میں پیش آیا وہاں سے سی این جی کی لائنیں جارہی ہیں اور یہ دھماکا گیس لیکیج کی وجہ سے ہوا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ راشد اور 25 سالہ ثاقب کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے میں جو افراد زخمی ہوئے ہیں ان میں رشید، حمزہ، محب اور جگدیش شامل ہیں۔