• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:29pm

آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست دے دی

شائع March 24, 2019 اپ ڈیٹ March 25, 2019
عثمان خواجہ اور فنچ نے شان دار آغاز کیا—فوٹو:اے ایف پی
عثمان خواجہ اور فنچ نے شان دار آغاز کیا—فوٹو:اے ایف پی

آسٹریلیا نے کپتان ایرون فنچ کی شان دار ناقابل شکست سنچری اور اوپنرز عثمان خواجہ کے 88 رنز کی بدولت پاکستان کی جانب سے دیے گئے 285 رنز کا ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کے امام الحق دوسرے میچ میں ناکام ہوئے اور صفر پر ہی رچرڈسن نے ان کی وکٹیں اڑا دیں جس کے بعد شان مسعود 19 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو مجموعی اسکور 35 رنز تھا۔

محمد رضوان نے 116 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو:اے ایف پی
محمد رضوان نے 116 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو:اے ایف پی

حارث سہیل اور محد رضوان نے تیسری وکٹ میں 53 رنز کی شراکت کرتے ہوئے اسکور کو 87 تک پہنچایا۔

ایرون فنچ نے 34 رنز پر کھیلنے والے حارث سہیل کو کیری کے ہاتھوں کیچ کرایا جس کے بعد عمر اکمل بیٹنگ کے لیے آئے اور 20 اوورز میں ٹیم کی سنچری مکمل کرادی۔

عمر اکمل صرف 16 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹے تاہم کپتان شعیب ملک نے رضوان کے ساتھ مل کر طویل شراکت کی اور اسکور کو 239 رنز تک پہنچایا اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

شعیب ملک 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے کریئر کی پہلی سنچری مکمل کی اور 115 رنز بنانے کے بعد 254 کے مجموعے پر کولٹر نائل کو وکٹ دے دی، فہیم اشرف بھی 14 رنز بنا کر نائل کا شکار بنے۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا کر آسٹریلیا کو گزشتہ میچ کی طرح نسبتاً آسان ہدف دے دیا۔

آسٹریلیا کے اوپنرز نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 209 رنز کی طویل شراکت قائم کی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

عثمان خواجہ 88 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز تھے، اس سے قبل دونوں اوپنرز نصف سنچری اور سنچری مکمل کی تھی۔

گلین میکسویل 241 کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا نے 285 رنز کا مطلوبہ ہدف 48 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کپتان ایرون فنچ نے ناقابل شکست 155 رنز اور شان مارش نے 11 رنز بنا کر ٹیم باآسانی 8 وکٹوں سے کامیابی دلائی، اس کامیابی کے بعد آسٹریلیا کو سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

ایرون فنچ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں پاکستان ٹیم کے کپتان شیعب ملک کا کہنا تھا کہ آج اچھی بیٹنگ اور باؤلنگ کا مظاہرہ کرکے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں ٹیم کی بیٹنگ تو اچھی تھی لیکن باؤلنگ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی

آسٹریلین ٹیم کے کپتان ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ٹیم گزشتہ میچ کے کھلاڑیوں کے ہمراہ ہی میدان میں اترے گی۔

اس میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی جہاں محمد عامر کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا جو ون ڈے کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کر رہے تھے جنہیں قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے سبز کیپ دی۔

شعیب ملک قومی ٹیم کی کپتانی کر رہے تھے اور دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، امام الحق، عمر اکمل، حارث سہیل، محمد رضوان، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد حسنین، محمد عباس اور یاسر شاہ شامل تھے۔

آسٹریلیا کی ٹیم کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ، شان مارش، پیٹر ہینڈسکومب، مارکس اسٹوائنس، گلین میکس ویل، ایلکس کیری، نیتھن کوٹرنائل، جے رچرڈسن، نیتھن لیون اور ایڈم زیمپا پر مشتمل تھی۔

خیال رہے کہ اسی گراؤنڈ میں 22 مارچ کو کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 13 نومبر 2024
کارٹون : 12 نومبر 2024