• KHI: Asr 5:02pm Maghrib 6:46pm
  • LHR: Asr 4:33pm Maghrib 6:19pm
  • ISB: Asr 4:38pm Maghrib 6:25pm
  • KHI: Asr 5:02pm Maghrib 6:46pm
  • LHR: Asr 4:33pm Maghrib 6:19pm
  • ISB: Asr 4:38pm Maghrib 6:25pm

امن کیلئے پاکستان کے مثبت اقدامات کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کو پیغام

شائع March 24, 2019
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام مسائل کا سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے حل ناگزیر ہے— فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام مسائل کا سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے حل ناگزیر ہے— فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے کہا ہے کہ امن کے حوالے سے بھارت کے لیے پاکستان کے مثبت اشارے خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی مثبت سوچ کا ثبوت دیتے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر نے یوم پاکستان کے موقع پر نئی دہلی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت کے ان اقدامات کو ’کمزوری‘ نہ سمجھا جائے بلکہ اس کی جگہ اسے ایک محفوظ اور پراعتماد قوم کی تعمیراتی سوچ کے طور پر دیکھا جائے۔

مزید پڑھیں: نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات میں سول اور ملٹری ایوارڈز کی تقسیم

اس سے قبل جمعہ کو پاکستانی ہائی کمیشن نے یوم پاکستان سے قبل ایک تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں کشمیر سمیت تمام دوطرفہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر جیسے حل طلب مسائل سمیت تمام مسئلوں کے حل اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات ناگزیر ہیں۔

سہیل محمود نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان میں قید بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی، دو بھارتی ہائی کمشنرز کی ان کے مشن پر واپسی اور کرتارپور راہداری کھولنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ دوطرفہ تعلقات میں چیزیں مثبت سمت میں گامزن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان پریڈ: ’ترقی یافتہ پاکستان، شہدا، غازیوں کیلئے بہترین خراجِ تحسین ہوگا‘

انہوں نے 1947 میں آزادی کے بعد پاکستان کی جانب سے جمہوریت، معاشی ترقی، آزاد عدلیہ، معاشرے کی بہتری اور فری میڈیا کے لیے کیے گئے اقدامات کی بھی نشاندہی کی۔

دیگر ممالک میں یوم پاکستان کا جشن

ایران: تہران میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران میں پاکستانی ہائی کمشنر رفعت محمود نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات میں بہتری آئے گی، انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت تعلقات میں بہتری کے لیے پرعزم ہے۔

عراق: بغداد میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے کہا کہ پاکستان نے بے مثال چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بے پناہ کامیابی حاصل کیں تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب بھی سماجی و معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔

تقریب کے موقع پر عراق کے شہر نینوا کے قریب دریا میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 100 افراد کی ہلاکت پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

اس کے بعد پاکستانی سفیر نے عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی سے ملاقات سے پاکستان کی جانب سے واقعے پر تعزیت کی، جمعرات کو پیش آنے والے اس واقعے پر عراق میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔

متحدہ عرب امارات: ابوظہبی میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر معظم احمد خان نے پاکستان کو آزادی کے بعد سے درپیش مسائل کی نشاندہی کی اور بتایا کہ پاکستانی قوم نے کس طرح قوم عزم مصمم، لچک اور مضبوط ارادوں کی بدولت ان چیلنجز کا سامنا کیا۔

مزید پڑھیں: یوم پاکستان کے موقع پر ترکی کی عمارتیں سبز رنگوں سے جگمگا اٹھیں

امارات میں پاکستانی مشن نے اپنے بیان میں حالیہ بھارتی جارحیت کے بعد قوم کی جانب سے مجموعی طور پر دکھائے جانے والے اتحاد اور پختگی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ترکی: انقرہ میں پاکستانی سفیر سجاد قاضی نے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر ترکی کے عوام اور قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کا کوئی ثانی نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 مارچ 2025
کارٹون : 26 مارچ 2025