نیشنل ایکشن پلان پر شہباز شریف کے چیمبر جانے کو تیار ہوں، شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے بجائے اپوزیشن کی بھی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے چیمبر میں جانا پڑا تو جانے کو تیار ہوں۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی ایک انٹرویو میں کہا کہ 2014 میں پشاور آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) سانحے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا تھا جس پر ہماری مسلح افواج نے بھرپور کام کیا اور دہشت گردوں کی کمر توڑ کے رکھ دی۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت اپوزیشن کی حمایت کے باوجود نیشنل ایکشن پلان کے سیاسی جز پر عمل درآمد نہ کر سکی۔
مزید پڑھیں:نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق حکومت کی اپوزیشن سے مشاورت
وزیرخارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان کے سیاسی جزو پر عمل درآمد کے لیے آگے بڑھنا چاہتی ہے جس کے لیے سیاسی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے، اسی لیے میں نے تمام پارلیمانی رہنماؤں کو دعوت دی ہے اور انہیں خطوط بھی لکھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ اس معاملے پر پارلیمان میں بات کی جائے جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں کیونکہ پارلیمنٹ سب سے بہترین فورم ہے، قومی مسئلے پر سیاسی اتفاق رائے کے لیے مجھے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر میں بھی جانا پڑے تو میں جانے کو تیار ہوں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ امن و امان کا مسئلہ پاکستان تحریک انصاف یا حکومت کا نہیں بلکہ یہ پاکستان کا مسئلہ ہے اور اگر اس سلسلے میں کوئی انگلی بھی اٹھتی ہے تو وہ پاکستان پر ہی اٹھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نیشنل ایکشن پلان پر حکومتی بریفنگ، اپوزیشن کے بائیکاٹ کا امکان
نیشنل ایکشن پلان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ایک قومی سوچ درکار ہے اور میرے سمیت پوری قوم یہ توقع کرتی ہے کہ ایک دوسرے سے اختلافات کے باوجود قومی مسائل پر ہم آپس میں مشاورت کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین کل بھی ہمارا بہت اچھا دوست تھا اور آج کل سے بھی زیادہ مضبوط طریقے سے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے جس کا عملی مظاہرہ سب نے یوم پاکستان کی تقریب کے دوران بھی دیکھا جہاں چینی افواج کے دستے بھی شریک تھے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں اور آج چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات پہلے کی نسبت بہتر ہیں۔