سانحہ کرائسٹ چرچ: ترکی میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکریٹری نے کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گرد حملے کے بعد وزرائے خارجہ کی سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ’ترکی کے شہر استنبول میں 22 مارچ کو ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا‘۔
مزیدپڑھیں: پاکستان کا او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت سے انکار
او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کی درخواست ترکی ، ایگزیکٹو کمیٹی اور اسلامک کانفرنس کے چیئرمین نے کی۔
خیال رہے کہ ایگزیکٹو کمیٹی میں ترکی، مصر اور گیمبیا ، کونسل آف وزیر خارجہ میں متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش اور نائجیریا شامل ہیں جبکہ او آئی سے کا صدر دفتر سعودی عرب میں ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین اجلاس میں اسلاموفوبیا کے نتیجے میں ابھرنے والے حالات اور او آئی سی کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ’وہ دنیا بھر میں مسلم ممالک کی حمایت اور دہشت گردی روکنے کے لیے اقدامات پر بھی بات کریں گے ‘۔
مزیدپڑھیں: نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں دہشت گرد حملے، 49 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعہ کے روز النور مسجد اور لِین ووڈ میں دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ نے اس وقت داخل ہوکر فائرنگ کی تھی جب بڑی تعداد میں نمازی، نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔
اس افسوسناک واقعے میں 50 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے اور نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے حملوں کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔