• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاک ۔ چین اسٹریٹیجک مذاکرات: سی پیک کو تمام خطرات سے محفوظ رکھنے کا عزم

شائع March 19, 2019 اپ ڈیٹ March 20, 2019
دونوں رہنماؤں نے پاک چین اسٹریٹجک تعاون کی اہمیت پر زور دیا—فوٹو: اے پی پی
دونوں رہنماؤں نے پاک چین اسٹریٹجک تعاون کی اہمیت پر زور دیا—فوٹو: اے پی پی

پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات میں پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ہر طرح کے خطرے سے محفوظ رکھنے کا عزم کیا گیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسٹریٹیجک مذاکرات چین میں تین روزہ دورے پر موجود شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب و ریاستی کانسلر وانگ ژی کے درمیان ہوئے۔

شاہ محمود قریشی نے حالیہ پاک ۔ بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور بحالی امن کے لیے چین کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور افغانستان میں قیام امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

چینی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں قیام امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششیں اور موقف قابل ستائش ہے۔

مذاکرات میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے سی پیک سے متعلق اپنے عزم کے دہرایا اور سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد بالخصوص خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور چین کے اشتراک سے بننے والا لڑاکا طیارہ جے ایف17 تھنڈر

چین کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات کے خواہاں ہیں، شاہ محمود

بعد ازاں چین کے نائب صدر وانگ کیشان سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ عمران خان اگلے ماہ چین میں منعقد ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے لیے پرامید ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' کے مطابق دوران ملاقات شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’غربت میں کمی اور کرپشن کی روک تھام کے لیے چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں گے‘۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاک چین اسٹریٹجک تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر چین کے نائب صدر نے نومبر 2018 میں چین کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے بعد دوطرفہ تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نائب صدر نے وزیر خارجہ کو یقین دلایا کہ چین کی پاکستان کی سالمیت، علاقائی سلامتی اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے غیر مشروط مدد جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: چین کو پاک۔ بھارت کشیدہ صورتحال میں بہتری کی امید

کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے عہدیدار سے ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سونگ تائو سے بھی ملاقات کی، جس میں فریقین نے پارٹیوں کی سطح پر دوطرفہ وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور کمیونسٹ پارٹی چائنا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، چین عالمی و علاقائی سطح پر تعاون بڑھانے پر متفق

اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پارٹیوں کی سطح پر وفود کا تبادلہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحہ پر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024