• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

وینا ملک کو اب بھی بھارت سے کام کی پیشکش؟

شائع March 18, 2019
وینا ملک کی آخری بولی وڈ فلم 2014 میں ریلیز ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام
وینا ملک کی آخری بولی وڈ فلم 2014 میں ریلیز ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ و ٹی وی میزبان وینا ملک نے کہا ہے کہ اب اگر انہیں پڑوسی ملک بھارت سے فلموں میں کام کرنے کی پیش کش موصول بھی ہو تو وہ وہاں کام کے لیے نہیں جائیں گی۔

وینا ملک نے واضح کیا کہ اب اگر انہیں کتنی بھی بڑی پیش کش کی جائے یا انہیں سلمان خان اور شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے کا کہا جائے پھر بھی وہ پاکستان چھوڑ کر کام کے لیے بھارت نہیں جائیں گی۔

وینا ملک نے یہ باتیں نجی چینل کے ایک پروگرام میں کہیں، وینا ملک نے اسی پروگرام میں بھارت میں اپنے کام کرنے کے تجربے پر بھی کھل کر بات کی اور پہلی بار بتایا کہ انہیں کیا مسائل پیش آئے۔

وینا ملک نے دعویٰ انہوں نے بھارت میں اپنی مرضی کی وجہ سے کام کرنا چھوڑا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ بھارت میں کام کے دوران انہیں دھمکیاں بھی ملتی رہیں، تاہم انہوں نے کبھی بھی دھمکیوں پر دھیان نہیں دیا تھا۔

وینا ملک نے بتایا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے بھارتی فلم انڈسٹری میں کام شروع کیا اور اپنی مرضی سے ہی بھارت میں کام کرنا چھوڑ دیا۔

اداکارہ کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری میں مرضی سے کام نہ کرنے کی مختلف وجوہات اور مسائل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وینا ملک پھر سے حیران کرنے کو تیار

وینا ملک نے کہا کہ ان کی جانب سے بھارت میں کام نہ کرنے کا سب سے بڑا سبب وہاں پر پاکستانی فنکاروں کو اہمیت نہ دینا ہے۔

اداکارہ کے مطابق اگر کوئی پاکستانی اداکار پوری زندگی بھی بھارتی فلم انڈسٹری کو دے دے گا تو بھی وہاں اس کا نام نہیں ہوگا جب کہ پاکستان میں تھوڑا بھی کام کرنے کے بعد اس کے مرنے کے بعد بھی اس کا نام پاکستانی انڈسٹری میں یاد رکھا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’بھارت سے کام ملنے کی پیشکش بند نہیں ہوئی‘۔

وینا ملک نے مزید کہا کہ وہ کسی بھی ساتھی فنکار کو بھارت میں کام کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی مشورہ نہیں دیں گی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو اپنے تجربات سے سیکھنا چاہیے اور انہوں نے بھی تجربات سے ہی سیکھا ہے۔

وینا ملک نے واضح کیا کہ وہ بھارت جانے کے بجائے اپنے ملک میں رہ کر محنت کرنے کو ترجیح دیں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت جا کر انہیں اچھا تجربہ نہیں بلکہ اچھا ’سبق ملا‘۔

گزشتہ چند سال سے وینا ملک ٹی وی پروگراموں میں میزبانی کرتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
گزشتہ چند سال سے وینا ملک ٹی وی پروگراموں میں میزبانی کرتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

خیال رہے کہ وینا ملک ماضی میں بھارتی فلم انڈسٹری اور شوبز انڈسٹری میں کام کر چکی ہیں۔

وینا ملک نے 2010 میں بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں بھی شرکت کی تھی۔

مزید پڑھیں: میرا کے روپ میں چھپی وینا ملک

انہوں نے کم سے کم 7 بھارتی فلموں میں بھی کام کیا، جن میں سے ایک فلم کنڈا اور ایک تیلگو زبان کی فلم تھی۔

وینا ملک اپنے بیانات کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
وینا ملک اپنے بیانات کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

وینا ملک کی پہلی بولی وڈ فلم ’دال میں کچھ کالا ہے‘ 2012 میں ریلیز ہوئی، انہوں نے ’جٹس ان گول مال، زندگی 50 50، سپر ماڈل‘ اور دیگر فلموں میں بھی کام کیا۔

ساتھ وینا ملک نے بھارتی فیشن میگزین ’ایف ایچ ایم‘ کے لیے متنازع ترین فوٹوشوٹ بھی کروایا تھا۔

وینا ملک نے اس نیم برہنہ فوٹوشوٹ میں اپنے بازؤں اور جسم کے دیگر حصوں پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی کا نام لکھوا رکھا تھا۔

ان کے اسی فوٹوشوٹ پر پاکستان بھر میں تنازع کھڑا ہوگیا تھا اور اہم ترین شخصیات نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

ان ہی تنازعات کے دوران وینا ملک 2013 میں دبئی منتقل ہوگئی تھیں، جہاں انہوں نے کاروباری شخص اسد بشیر خٹک کے ساتھ شادی کرلی تھی۔

دبئی سے واپسی کے بعد انہوں نے پاکستانی ٹیلی وژن چینلز پر میزبانی و اداکاری کا آغاز کیا جبکہ ایک بار پھر خبروں میں آگئیں۔

وینا ملک نے بھارت میں کام نہ کرنے کے حوالے سے تازہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔

وینا ملک مختلف چینلز پر میزبانی اور اداکاری کر رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
وینا ملک مختلف چینلز پر میزبانی اور اداکاری کر رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

دونوں ممالک کے دوران تعلقات میں کشیدگی گزشتہ ماہ فروری میں اس وقت ہوئی جب کہ بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاک فضائیہ نے بھارت کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرانے سمیت ایک پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار بھی کیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان نے ابھی نندن کو جذبہ خیر سگالی کے تحت یکم مارچ کو رہا کرتے ہوئے بھارت بھیج دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024