ملک میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں ملک میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)، ایونٹ کے تمام منتظمین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد پیش کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ایونٹ کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو جیت پر مبارکباد دی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے بالخصوص کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے منیجر اور اپنے دوست ویون رچرڈ کو ان کی کامیابی پر سراہا۔
وزیر اعظم نے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ آئندہ سال پی ایس ایل کے تمام تر میچز پاکستان میں ہی منعقد کیے جائیں گے۔
اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بھی پی ایس کے کامیاب انعقاد پر تمام اداروں کو مبارکباد پیش کی تھی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے بالخصوص پی سی بی، منتظمین، آرگنائزرز، پاکستان رینجرز، سندھ پولیس، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کراچی کی عوام کو سراہا۔
اس کے ساتھ انہوں نے پاکستان پر اللہ تعالیٰ کی نوازشیں و رحمتیں جاری رہنے کی دعا بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پی ایس ایل کے نئے چمپیئن
قبل ازیں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی اپنے پیغام میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو سراہتے ہوئے بہترین فائنل کے لیے پشاور زلمی کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا تھا۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ کے مشکل حالات میں ملک میں کرکٹ واپس لانے پر پی ایس ایل کی دیگر ٹیموں لاہور قلندرز، ملتان سلطان، اسلام آباد یونائیڈ اور کراچی کنگز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سابق چمپیئن پشاور زلمی کو باآسانی شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹرافی حاصل کی تھی۔
پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 139رنز ایک آسان ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ کے کھلاڑیوں نے 18 ویں اوور میں بآسانی پورا کر کے 8 وکٹ سے کامیابی اپنے نام کرلی تھی۔