• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کوئٹہ گلیڈی ایٹررز پہلی مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن بن گئی

شائع March 17, 2019 اپ ڈیٹ March 18, 2019
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم رواں سیزن میں پشاور زلمی کے خلاف ناقابلِ شکست رہی — فوٹو: اے ایف پی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم رواں سیزن میں پشاور زلمی کے خلاف ناقابلِ شکست رہی — فوٹو: اے ایف پی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019 کے فائنل میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

پی ایس ایل فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے 139 رنز کا ہدف دیا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوورز میں حاصل کرلیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے سابق چیمپیئن گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔

گزشتہ میچ میں حریف ٹیم کو چاروں شانے چت کرنے والے امام الحق فائنل مقابلے میں ناکامی کا شکار ہوگئے اور 4 گیندوں پر صرف 3 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

وکٹ پر موجود دوسرے اوپننگ بیٹسمین کامران اکمل بھی بجھے بجھے نظر آئے جنہوں نے محمد نواز کے اوور میں 14 رنز سمیٹے لیکن ان کی آخری گیند پر بولڈ ہوگئے۔

یوں پشاور زلمی کے اوپنرز ہی چوتھے اوور میں 31 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

یہاں عمر امین اور صہیب مقصود نے مل کر ٹیم کو 31 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی لیکن 62 کے مجموعے پر صہیب مقصود ڈیوین براوو کی گیند پر چھکا لگاتے ہوئے ریلی روسو کو کیچ دے بیٹھے۔

پشاور زلمی نے حمکت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے نہ تجربہ کار نبی گل کو اپر کے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے بھیج دیا، جس سے انہیں خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوسکا۔

عمر امین نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو 38 رنز فراہم کیے لیکن برق رفتار محمد حسنین کی گیند پر وہ 90 کے مجموعے پر سہیل تنویر کو کیچ دے بیٹھے۔

پولارڈ کے کیریز پر آنے کے بعد جب ٹیم کا اسکور 96 رنز تک پہنچا تو نوجوان بیٹسمین نبی گل 9 رنز بنانے کے بعد فواد احمد کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش کرتے ہوئے احمد شہزاد کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

پشاور زلمی کے لیے فاسٹ باؤلنگ کے ساتھ ساتھ اسپنر کو کھیلنا بھی مشکل ہوتا جارہا تھا اور ٹیم کے اسکور کی رفتار ہوتی جارہی تھی۔

ایسے میں تمام امیدین کیرون پورلارڈ پر تھیں، تاہم وہ 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور تیزرفتار محمد حسنین کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

وہاب ریاض کے 12 اور ڈیرن سیمی کے 18 رنز کی بدولت پشاور زلمی کی ٹیم مقرر 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 139 رنز ہی بناسکی۔

اننگز کا آخری اوور ڈیوین براوو نے کروایا جس کے دوران پہلے اوور کی دوسری گیند پر ایک رن مسترد کیا جس کی وجہ سے وہاب ریاض کو واپس لوٹنا پڑا۔

اسی طرح ڈیرن سیمی نے اس اوور کی پانچویں گیند پر بھی اسی طرح کیا لیکن اس مرتبہ وہاب ریاض واپس نہ لوٹ سکے اور عن آؤٹ ہوگئے۔

تاہم آخری گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں ڈیرن سیمی بھی کیچ آؤٹ ہوگئے اور یوں کوئٹہ کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف ملا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ دیگر باؤلرز میں ڈیوین براوو نے 2 جبکہ محمد نواز اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور شین واٹسن نے ٹیم کو محتاط انداز اننگز کا آغاز کیا لیکن رن آؤٹ کی صورت میں انہیں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 19 کے مجموعے پر ہی پہنچی تھی کہ غیر ضروری رن لیتے ہوئے شین واٹس رن آؤٹ ہوگئے۔

احسن علی نے احمد شہزاد کے ہمراہ مل کر شین واٹسن کے نقصان کا ازالہ کیا ٹیم کو شاندار شراکت فراہم کی۔

ٹیم کا اسکور 66 رنز پر پہنچا تو جارحانہ مزاج احسن علی 25 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

احمد شہزاد نے اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کو آسان ہدف کی جانب پہنچادیا۔

ریلی روسو اور احمد شہزاد نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز جوڑے اور ٹیم کو پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا چیمپیئن بنادیا۔

جیت کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا جشن شروع ہوگیا جبکہ میچ کے اختتام پر اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا۔

احمد شہزاد 58 اور ریلی روسو 39 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین کو 3 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے صرف وہاب ریاض ایک وکٹ لے کر نمایاں باؤلر رہے۔

صدرِ مملکت عارف علوی اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے سرفراز احمد کو پی ایس ایل 2019 کی ٹرافی دی۔

اس جیت کے موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کہا ان کی ٹیم کی گزشتہ 4 سال کی محنت رنگ لے آئی۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کی مبارکباد پیش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، ہم نے مسلسل تیسری مرتبہ پی ایس ایل فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد دی گئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 2019 کا چیمپیئن بننے پر مبارکباد دی گئی۔

واضح رہے کہ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان رواں سیزن کے دوارن ہی چوتھا مقابلہ تھا اور یہ بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام رہا۔

خیال رہے کہ یہ پشاور زلمی کی پی ایس ایل فائنل میں مسلسل دوسری شکست ہے، اس سے قبل یہ ٹیم 2018 کے فائنل میں پہنچی تھی جہاں اسے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تیسری مرتبہ پی ایس ایل فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا اور یہ ٹیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن بننے میں کامیاب ہوئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 2016 اور 2017 میں بھی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی جہاں اسے بالترتیب اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آنے والے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہم نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستانی کرکٹ سے پیار کرنے والی قوم ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ اگر ہم نے زیادہ رنز بنالیے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پر دباؤ کا شکار ہوجائے گی۔

ڈیرن سیمی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وکٹ پر 180 سے زائد اسکور ایک اچھا ٹوٹل ہوگا اور میچ بہت اچھا ہوگا۔

پی ایس ایل 2019 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فیوریٹ تصور کیا جارہا تھا۔

پشاور زلمی کی ٹیم رواں سیزن کے دوران 3 مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سامنے آچکی ہے اور ہر مرتبہ اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ اسیٹج کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے جبکہ اس کے بعد اسی اسٹیج کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے زیر کیا۔

اس کے علاوہ ایونٹ کے کوالیفائر میچ میں بھی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جس میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کامیاب رہا اور اس نے میچ 10 رنز سے اپنے نام کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024