• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل کا فاتح کون ہوگا؟ فائنل کی تمام تیاریاں مکمل

شائع March 17, 2019
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی پی ایس ایل 4 کی ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو: اے ایف پی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی پی ایس ایل 4 کی ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

ٹورنامنٹ میں بہترین اور مستقل مزاجی سے کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوالیفائر میں پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا پشاور اس فائنل کو بھی پی ایس ایل2- بنائے گی یا کوئٹہ اپنا بدلہ لے گی

گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کے بعد بھی پشاور زلمی نے ہمت نہ ہاری اور دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

واضح رہے کہ دو سال قبل بھی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پی ایس ایل فائنل میں مدمقابل آئی تھیں جہاں مشہور عالمی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے سبب پشاور زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو باآسانی مات دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں اب تک 13 میچز میں آمنے سامنے آچکی ہیں، 7 میچز کوئٹہ نے جیتے، پانچ میں پشاور زلمی نے میدان مارا اور ایک میچ بےنتیجہ رہا۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہاں پر کھیلنے میں بہت مزہ آیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن کی کارکردگی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ شین واٹس ہمارے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں لیکن فائنل کے لیے حکمت عملی بنالی ہے۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ حکمت عملی سب کے سامنے نہیں بتاسکتا، ہماری باؤلنگ بہت مضبوط ہے، ہم نے پی ایس ایل کے ہر میچ میں بھرپور مقابلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز جیت کیلئے پراُمید، سیمی بھی پی ایس ایل ٹرافی اٹھانے کو تیار

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم تیسری مرتبہ فائنل کھیل رہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ ہم جس طرح پورے ٹورنامنٹ میں کارکردگی دکھائی، فائنل میں بھی ایسا ہی کھیل پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہونے پر لوگوں کا ولولہ قابل دید ہے اور اسی جوش کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایل 5 پاکستان میں ہونا چاہیے۔

ڈیرن سیمی اور سرفراز احمد مزار قائد پر پی ایس ایل ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
ڈیرن سیمی اور سرفراز احمد مزار قائد پر پی ایس ایل ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

آج فائنل میچ سے قبل رنگارنگ اختتامی تقریب بھی منعقد ہوگی جس میں فوادخان، عائمہ بیگ، جنون گروپ اور ابرارالحق کے ساتھ ساتھ زوہیب حسن بھی پرفارم کریں گے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ فائنل کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ اسپین کے مشہور فٹبالر کارلوس پایول اور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈرچرڈ سن بھی پی ایس ایل کی رونق بڑھائیں گے۔

سیکیورٹی انتظامات

فائنل میچ سے قبل تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور کراچی میں ہونے والے سابقہ میچوں کے مقابلے میں فائنل کے لیے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پشاور کیا کوئٹہ کے خلاف نفسیاتی دباؤ سے نکل پائے گا؟

نیشنل اسٹیڈیم کی اطراف کی سڑکوں کو دن 12بجے بند کردیا گیا ہے اور رات 7بجے شروع ہونے والے میچ سے قبل فضائی نگرانی شروع کردی جائے گی۔

اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آنے والوں کے قومی شناختی کارڈ کی جانچ پڑتال نادرا سوفٹ ویئر سے کی جائے گی اور شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اصل شناختی کارڈ اور میچ کے پاسز اپنے ساتھ رکھیں کیونکہ اصل قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کی صورت میں اسٹیڈیم جانےسے روک دیا جائے گا۔

پولیس اوررینجرزکے20ہزارجوان مشترکہ طور پر سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے اور شائقین کو 5 جگہ جامع تلاشی کے بعد اسٹیڈیم کےاندر جانے کی اجازت دی جائےگی۔

فائنل میں دونوں ٹیموں کو سپورٹ کروں گا، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کر کے سیکیورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات کا جائزہ لے کر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ایس ایل کا دوسرا فائنل کراچی میں ہونے پر بہت خوش ہوں اور آج کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی دونوں کو سپورٹ کروں گا۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی فائنل میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ مساجد حملہ: اگر بنگلہ دیشی ٹیم 4 منٹ پہلے مسجد پہنچ جاتی تو!

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو پاکستان آئیں ہوئے ہیں اور یقینی طور پر پی سی بی انہیں تمام حالات سے آگاہ کرے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سپر لیگ کے کامیابی سے انعقاد کے بعد جلد انٹرنیشنل ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024