• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

ہر موسم میں دستیاب اس سوغات کے فائدے جانتے ہیں؟

شائع March 14, 2019 اپ ڈیٹ March 15, 2019
کھیرے سارا سال آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں— شٹر اسٹاک فوٹو
کھیرے سارا سال آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں— شٹر اسٹاک فوٹو

کبھی آپ نے کسی ایسے سستے پھل (جسے ہم سبزی سمجھتے ہیں) کے بارے میں سنا ہے جو باآسانی دستیاب ہو اور جس کا استعمال آپ کے جسم کے اندر اور باہر جادوئی اثرات مرتب کرتا ہو؟

اور وہ ہے کھیرا جو جسم کو پانی کی وافر مقدار ہی فراہم نہیں کرتا بلکہ متعدد اقسام کے وٹامنز اور منرلز سے بھرپور بھی ہوتا ہے۔

یہ اضافی جسمانی وزن میں کمی کے مقصد میں مدد بھی دیتا ہے جبکہ اس میں موجود وٹامن بی، پوٹاشیم اور میگنیشم دیگر فوائد فراہم کرتے ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ کھیرے سارا سال آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں اور اس کے فوائد درج ذیل ہیں۔

جلد کی نمی بحال کرے

کھیرے پانی سے بھرپور ہوتے ہیں جو جلد کی نمی بحال کرکے اس کی جگمگاہٹ واپس لانے میں مدد دیتا ہے، کھیرے کی ورم کش خصوصیات جلد کا ورم کم کرتی ہیں اور اس کے ساتھ جھریوں کی روک تھام میں بھی مدد ملتی ہے، اسے کھائیں یا اس کے ٹکڑے چہرے پر لگاکر بھی یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

آنکھوں کے گرد حلقے کنٹرول کرے

اگر آپ آنکھوں کے گرد حلقوں سے پریشان ہیں تو کھیرے فوری ریلیف فراہم کرسکتے ہیں، بس اسے کاٹ کر آنکھوں پر رکھ لیں اور جتنی دیر تک ہوسکے لیٹے رہیں، اس میں موجود اجزا آنکھوں کے گرد ورم کو کم کرتے ہیں اور حلقے کم ہوتے ہیں۔

سانس کی بو دور کرے

سانس کی بو اکثر منہ میں بیکٹریا کی سطح بڑھنے کا نتیجہ ہوتی ہے جو منہ کو خشک کرکے سانس کو بدبو بنا دیتے ہیں۔ ایک گلاس کھیرے کا پانی پینا لعاب دہن کی مقدار بڑھاتا ہے جو سانس کی بو کو دور رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

زہریلے مواد کو خارج کرے

کھیرے میں موجود پانی جسم کے اندر جھاڑو کی طرح کام کرتا ہے اور زہریلے مواد کو خارج کرتا ہے، اس میں موجود پانی سے پیشاب زیادہ آتا ہے جس سے گردوں کو ٹھیک کام کرنے میں مدد ملتی ہے اور پتھری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

جسمانی وزن کم کرنے میں مدد دے

کھیروں میں موجود مختلف اجزا جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے، اس میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں جبکہ اس میں موجود فائبر اور پانی نظام ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں، جبکہ پیٹ دیر تک بھرا رہتا ہے جس سے بے وقت کھانے کی عادت پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے جس سے موٹاپے سے نجات ملتی ہے۔

دل کی صحت بہتر کرے

کھیروں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس اور فلیونوئڈز امراض قلب سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھیروں کو کھانے کی عادت نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی جبکہ فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح بڑھاتے ہیں، جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اسی طرح کھیرے ’وٹامن کے‘ کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، یہ وٹامن خون جمنے یا لوتھڑا بننے کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، جو ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

ہڈیاں مضبوط بنائے

کھیروں میں وٹامن کے موجود ہوتا ہے جو کہ ہڈیوں کی صحت کے لیے کنجی ہے، ایک کپ کھیرے میں روزانہ کے لیے درکار وٹامن کے کی 20 فیصد مقدار موجود ہوتی ہے، یہ وٹامن ہڈیوں کی ساخت کے لیے ضروری ہوتا ہے جبکہ اس کی کمی ہڈیوں کے بھربھرے پن کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

کینسر کی روک تھام

کھیروںمیں ایسے اجزا ہوتے ہیں جو کینسر کی روک تھام یں مدد دیتے ہیں، ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھیروں میں موجود ایک جز cucurbitacins کینسر کے خلیات کی روک تھام میں مدد دیتا ہے۔

بلڈ شوگر لیول کنٹرول کرنے میں مددگار

کھیرے ممکنہ طور پر بلڈ شوگر کی سطح میں کمی لانے اور ذیابیطس سے ہونے والی پیچیدگیوں سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھیرے کھانے ک یعادت موثر طریقے سے بلڈشوگر لیول کم اور کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔

قبض دور کرے

کھیرے کھانے سے آنتوں کے افعال معمول پر آتے ہیں، عام طور پر پانی کی کمی سے قبض کا مرض لاحق ہوتا ہے، کھیرے میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو قبض کی روک تھام کرتا ہے۔

دماغی صحت بہتر کرے

کھیرے کھانے کی عادت اعصابی خلیات سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد دے سکتی ہے جس سے یاداشت بہتر ہوتی ہے جبکہ الزائمر کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

جسمانی توانائی بڑھائے

کھیروں میں وٹامن بی اور سی سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ جسمانی توانائی کے لیے ضروری ہوتے ہیں اور روزمرہ کے کاموں کے دوران تھکاوٹ کا احساس نہیں ہوتا۔

وٹامنز اور منرلز کا حصول

کھیرے جسم کو متعدد وٹامنز اور منرلز فراہم کرتے ہیں جو مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، اینٹی آکسائیڈنٹس سے ہٹ کر وٹامن سی اور وٹامن اے بھی کھیرے کے پانی سے حاصل کرنا ممکن ہے۔

گرتے بالوں کی روک تھام

روزانہ کھیرے کا جوس پینا بالوں کے گرنے کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے، اس کے علاوہ کھیرے کا عرق بالوں اور سر پر لگا کر ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ کر شیمپو سے دھولینا بھی اس مسئلے کو دور کرسکتا ہے۔

پیٹ کے کیڑے دور کرے

کھیروں کو پیٹ کے کیڑوں سے نجات کا قدرتی ٹوٹکا سمجھا جاتا ہے جس کی وجہ اس میں موجود ایک انزائمے ہوتا ہے جو پیٹ کو کیڑوں کو مارتا ہے۔

بلڈ پریشر کے خلاف بھی مفید

کھیرے بلڈپریشر کو کم کرنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے کیونکہ اس میں موجود پوٹاشیم اور پانی بلڈپریشر کو ریگولیٹ کرتے ہیں جس سے ہائی اور لو بلڈپریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024