• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’کھیل سیاست سے بالاتر ہے‘، ترجمان پاک فوج کا سوشل میڈیا مہم پر ردِ عمل

شائع March 14, 2019
سماجی رابطے کی ویب سائٹز پر ٹیموں سے فوجی کیپ پہن کر میچ کھیلنے کا مطالبہ سامنے آرہا تھا۔ — فائل فوٹو: پی ایس ایل
سماجی رابطے کی ویب سائٹز پر ٹیموں سے فوجی کیپ پہن کر میچ کھیلنے کا مطالبہ سامنے آرہا تھا۔ — فائل فوٹو: پی ایس ایل

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے دوران ٹیموں سے فوجی کیپ پہن کر کھیلنے کے عوامی مطالبے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ کھیل سیاست سے بالاتر ہوتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے قوم کو ’پیارے پاکستانیوں‘ کہہ کر پکارا۔

انہوں نے کہا کہ پیارے پاکستانیوں کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آرہا ہے کہ پی ایس ایل میچ کے دوران فوجی کیپ یا شرٹ پہن کر میچ کھیلا جائے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی اس محبت اور حمایت کی قدر کرتی ہے، لیکن کھیل سیاست سے بڑھ کر ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: فوجی ٹوپی پہننے والی بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 32 رنز سے شکست

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارا اتحاد ایسے جذبہ خیر سگالی سے بھی بڑھ کر ہے۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ روشنیوں کے شہر (کراچی) میں (کرکٹ کے اس) کھیل کا لطف اٹھائیں۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے ون ڈے میں فوجی ٹوپی پہن کر میچ کھیلا تھا جس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ ‘یہ کرکٹ نہیں ہے، میں امید کرتا ہوں کہ جینٹل مینز گیم کو سیاست کی نذر کرنے پر آئی سی سی کارروائی کرے گی’۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم نے فوجی ٹوپیوں سے متعلق اجازت طلب کی تھی، آئی سی سی

آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے سے متعلق پاکستان کی جانب سے مذمت کی گئی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس حوالے سے آگاہ بھی کیا گیا۔

تاہم آئی سی سی کی ترجمان نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے کیپ سے متعلق آئی سی سی سے اجازت طلب کی تھی۔

اس واقعے کے بعد پاکستان میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی اسی طرح اپنی فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فوجی کیپ یا شرٹ پہن کر کھیلنے کا مطالبہ سامنے آرہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024