• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

الیمینیٹر - 1: یونائیٹڈ 4 وکٹوں سے کامیاب، کراچی کنگز پی ایس ایل سے باہر

شائع March 14, 2019 اپ ڈیٹ March 15, 2019
اسلام آباد یونائیٹڈ کا الیمینیٹر -2 میں پشاور زلمی سے مقابلہ ہوگا جس کی فاتح ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ — فوٹو: پی ایس ایل
اسلام آباد یونائیٹڈ کا الیمینیٹر -2 میں پشاور زلمی سے مقابلہ ہوگا جس کی فاتح ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ — فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کے دوران الیمینیٹر - 1 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کے الیمینیٹر -2 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے الیمینیٹر - 1 میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ فیصلہ کراچی کنگز کے لیے نہایت ہی مفید ثابت ہوا جہاں بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی نمبر ایک بابر اعظم نے عالمی نمبر 2 کولن منرو کے ہمراہ مل کر صرف 21 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

کولن منرو 11 گیندوں پر 32 رنز بنانے کے بعد محمد موسیٰ کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو پھر بھی کراچی کنگز کے رنز کی رفتار میں کمی نہیں ہوئی۔

بابر اعظم اور لیام لیونگسٹن نے مل کر ابتدائی 10 اوورز میں ٹیم کے اسکور کو ایک وکٹ کے نقصان پر 100 رنز تک پہنچادیا۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ کراچی کنگز کی ٹیم الیمینیٹر - 1 کے اس اہم میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو 200 سے زائد رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوسکے گی، لیکن دفاعی چیمپیئن نے میچ میں شاندار واپسی کی۔

لیام لیونگسٹن اور بابر اعظم کے درمیان بھی نصف سنچری پارٹنرشپ قائم ہوئی، تاہم اس کے بعد لیونگسٹن 30 رنز بنانے کے بعد 102 کے مجموعے پر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

کراچی کنگز کو تیسرا بڑا نقصان 108 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا جب بابر اعظم بھی 42 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جنہیں ڈی آر ایس کے ذریعے آؤٹ قرار دیا گیا۔

تین کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد کولن انگرام نے 23 رنز بنا کر کراچی کنگز کو سہارا دیا اور ٹیم کو 139 رنز تک پہنچایا جہاں وہ محمد موسیٰ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز نے کراچی کنگز کے بیٹسمین کو گیند باؤنڈری کے باہر پہنچانے کا بھی موقع نہیں دیا۔

کراچی کنگز نے اختتامی 10 اوورز میں نہایت ہی مایوس کن کھیل پیش کیا جہاں ٹیم نے صرف 4 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 61 رنز بنائے۔

ہوم ٹیم اپنے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز ہی بناسکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈکے محمد موسیٰ 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فہیم اشرف 2، رومان رئیس اور شاداب کان ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی 5 رنز بنانے کے بعد عامر یامین کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔

ایسے میں کیمرون ڈیلپورٹ نے 38 رنز بنا کر ایلکس ہیلز کے ہمراہ ٹیم کے اسکور کو 63 کے اسکور پر پہنچایا جہاں وہ عمر خان کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے جبکہ اسی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے چڈوک والٹن بھی عمر خان کا شکار بنے۔

نئے آنے والے حسین طلعت نے ایلکس ہیلز کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکلات سے نکال کر فتح کی جانب گامزن کیا اور 51 رنز کی اہم شراکت بنائی۔

بابر اعظم نے 16ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر ایلکس ہیلز کا ایک مشکل کیچ چھوڑ دیا تھا جس سے یہ محسوس ہورہا تھا کہ یونائیٹڈ اپنا ہدف جلد حاصل کرلے گی، لیکن اسی اوور میں ایلکس ہیلز نے ایک مرتبہ پھر چھکا لگانے کی کوشش کی لیکن اس مرتبہ بابر اعظم نے کوئی غلطی نہیں کی اور ان کا آسان کیچ لے لیا۔

یونائیٹڈ کو 26 گیندوں پر جیت کے لیے 48 رنز درکار تھے تو آصف علی اور حسین طلعت نے عثمان شنواری کے 17ویں اوور میں 14 رنز لیے جس میں حسین طلعت بھی 32 رنز بنانے کے بعد ہوگئے۔

محمد عامر کی جانب کیے جانے والے 18ویں اوور میں فہیم اشرف اور آصف علی نے 15 رنز بٹور کر ٹیم کو فتح کے مزید نزدیک کردیا۔

آصف علی نے 19ویں اوور میں ایک اور چھکا لگا کر ٹیم کو آخری اوور میں صرف 6 رنز کی دوری پر لاکھڑا کیا۔

کراچی کنگز کے محمد عامر نے اس اوور میں فہیم اشرف کو تو آؤٹ کیا لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے 2 چوکے رسید کرکے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے پی ایس ایل 2019 سے باہر کردیا۔

ایلکس ہیلز کو شاندار پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا.

کراچی کنگز کی ٹیم اس شکست کے ساتھ ہی پی ایس ایل 2019 سے باہر ہوگئی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا الیمینیٹر -2 میں پشاور زلمی سے مقابلہ ہوگا جس کی فاتح ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

الیمینیٹر - 2 کی فاتح ٹیم 17 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مد مقابل ہوگی۔

میچ میں دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی جہاں ایک روز قبل ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کرنے والے انگلینڈ کے ایلکس ہیلز کو فل سالٹ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ کراچی کنگز سہیل خان کی جگہ محمد عامر کی واپسی ہوئی۔

ٹاس کے موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کا کہنا تھا کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شائقین کے سامنے اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس کے علاوہ اپنے گزشتہ میچ کے تجربے کو دیکھتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بیٹنگ کرکے بڑا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ اسٹیج کے دوران ہونے والے دونوں میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024