• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت: پارٹی پوسٹر میں ابھی نندن کی تصویر لگانے پر بی جے پی رہنما کو شوکاز نوٹس

شائع March 13, 2019
اوم پرکاش شرما سے 14 مارچ تک جواب طلب کیا گیا ہے
— فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
اوم پرکاش شرما سے 14 مارچ تک جواب طلب کیا گیا ہے — فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

بھارتی الیکشن کمیشن نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی کے رکن اسمبلی اوم پرکاش شرما کو وزیراعظم نریندر مودی اور انڈین ایئر فورس ونگ کمانڈر ابھی نندن کی تصاویر پر مبنی پارٹی پوسٹر فیس بک پر پوسٹ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے اوم پرکاش شرما کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس میں فیس بک سے پوسٹ ہٹانے اور ساتھ ہی 14 مارچ تک جواب جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

یکم مارچ کو سوشل میڈیا پر لگائے گئے پوسٹرز میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے چیف امیت شاہ، انڈین ایئرفورس آفیسر اور خود اوم پرکاش شرما کی تصاویر موجود ہیں جو دہلی اسمبلی میں وشواس نگر کی نشست پر بے جے پی کی نمائندگی کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت میں اپریل سے مئی تک عام انتخابات کا اعلان

مذکورہ پوسٹرز میں یہ بھی لکھا تھا کہ ’ ہمارا بہادر سپاہی لوٹ آیا ہے، یہ ایک اہم جمہوری فتح ہے کہ مودی جی بہت کم عرصے میں ابھی نندن کو واپس لائے ہیں‘۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ شاہدرہ کے مہیش نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’ ہم نے 11 مارچ کو اوم پرکاش شرما کو فیس بک پر پوسٹرز پوسٹ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا جن میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتمان کی تصویر موجود ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: مودی جی! بی جے پی کی شکست سے سبق حاصل کریں

مہیش جو ریٹرننگ افسر بھی ہیں انہوں نے کہا کہ ’ اوم پرکاش شرما کو 14 مارچ کو صبح 11 بجے تک اس پوسٹر سےمتعلق جواب جمع کروانے کی مہلت دی گئی ہے، یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور اس کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی‘۔

دسمبر 2013 میں تمام سیاسی جماعتوں کو جاری کیے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے پول پینل نے حال ہی میں تمام جماعتوں کو انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے مسلح افواج کا حوالہ دینے سے روکنے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت کی لوک سبھا کے انتخابات 11 اپریل سے شروع ہوں گے اور 19 مئی تک جاری رہیں گے، اس سلسلے میں دہلی میں پولنگ دو مرحلوں میں ہوگی۔

بھارت میں مودی قوم پرست بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راہول گاندھی کی بائیں بازو کی کانگریس کے درمیان اصل مقابلہ ہے جبکہ دیگرئی کئی جماعتیں بھی میدان میں ہیں۔

بھارت کے 2014 کے انتخابات میں مودی کی جماعت نے اکثریت حاصل کی تھی جس کے نتجے میں 68 سالہ تجربہ کار سیاست دان مودی وزیراعظم بن گئے تھے جبکہ ان پر کئی الزامات بھی تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 27 فروری کو بھارتی ایئرفورس کے دو طیاروں کو پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر مار گرایا تھا، جن میں سے ایک طیارہ مقبوضہ کشمیر جبکہ دوسرا آزاد کشمیر میں گرا تھا، پاکستانی حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو پاک فوج نے ریسکیو کیا تھا۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھارتی حکام کے حوالے کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024