کراچی کنگز ہوم گراؤنڈ میں فیل، پشاور زلمی 61 رنز سے کامیاب
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گروپ اسٹیج کے آخری میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61 رنز سے شکست دے کر پوائٹنس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی کے تجربہ کار بلے بازوں نے کراچی کنگز کے باؤلرز کو اپنی جارحانہ بلے بازی کا نشانہ بنایا۔
پاکستان میں اپنا 100واں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے کامران اکمل نے اس سنگِ میل کو اپنے لیے یاد گار بناتے ہوئے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
امام الحق کے ہمراہ دونوں نے پہلی وکٹ پر 137 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔
کامران اکمل 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 86 رنز کی اننگز کھیل کر 14ویں اوور میں آؤٹ ہوئے تو ایسا محسوس ہورہا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم اسلام آباد کی طرح بہت بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔
تاہم کراچی کنگز کے باؤلرز نے شاندار کم بیک کیا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں لیتے گئے، تاہم پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کے قلیل حصے کی بدولت ٹیم 203 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ابتدا میں ہی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی نمبر ایک بابر اعظم اور عالمی نمبر 2 کولن منرو ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے۔
پہلے کولن منرو صفر پر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جس کے بعد بابر اعظم بھی 13 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
کراچی کنگز کی امیدیں لیام لیونگسٹن سے تھیں لیکن وہ بھی 22 کے مجموعے پر 6 رنز بنانے کے بعد ٹائمل ملز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ایسے میں ایک مرتبہ پھر کولن انگرام مردِ بحران بن کر کراچی گنگز کے سامنے آئے اور اپنی جارحانہ بلے بازی کے جوہر دکھائے۔
ایک جانب کراچی کنگز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں تاہم دوسری جانب کولن انگرام نے اپنا جارحانہ کھیل جاری رکھا۔
پشاور زلمی کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کولن انگرام کے بلند و بالا چھکے بھی چھوٹے پڑ گئے اور بالآخر 125 کے مجموعے پر وہ بھی 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹیم کو اپنے 30 رنز بنانے کے بعد سہارا دیا جو جیت کے لیے کافی نہ تھا اور پوری ٹیم 142 پر آل آؤٹ ہوگئی۔
کنگز کے آخری 4 کھلاڑی محض 5 رنز کے اندر ہی پویلین لوٹ گئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ سمین گل، ٹائمل ملز اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے زیادہ اہمیت کا حامل نہیں تھا کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں، تاہم اس جیت کے ساتھ ہی پشاور زلمی نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔