• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

یونائیٹڈ، قلندرز، کنگز کی شکست کے باوجود پلے آف تک رسائی ممکن!

شائع March 9, 2019
2 خالی جگہوں کے لیے 3 ٹیموں میں گھمسان کی جنگ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی — فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
2 خالی جگہوں کے لیے 3 ٹیموں میں گھمسان کی جنگ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی — فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے گروپ اسٹیج میں اب تک 26 میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے 2 ٹیموں نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ مزید 2 خالی جگہوں کے لیے 3 ٹیموں میں گھمسان کی جنگ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے میدانوں میں رنگ بکھیرنے کے بعد اب پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن کراچی کے میدانوں میں رونقیں بکھیرنے کے لیے پہنچ چکا ہے، لیکن یہاں شائقین کو ’مارو یا مر جاؤ‘ کی صورتحال پر مبنی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

اب تک پی ایس ایل میں 26 میچوں کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 14 پوائنٹس لے کر سر فہرست ہونے کے ساتھ ساتھ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے اور شکست کی صورت میں بھی یہ ٹیم پہلی یا دوسری پوزیشن پر ہی رہے گی جبکہ اس کا ایک میچ کراچی کنگز کے خلاف باقی ہے۔

یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ پی ایس ایل کے پہلے راؤنڈ کی سرفہرست 2 ٹیمیں کوالیفائر میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوتی ہیں جہاں شکست کی صورت میں بھی ان کے پاس فائنل تک پہنچنے کا ایک موقع ہوتا ہے جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کی ٹیم الیمینیٹر-1 میں مد مقابل ہوتی ہیں اور ان میں سے شکست کھانے والی ٹیم نہ صرف فائنل کی دوڑ بلکہ ایونٹ سے بھی باہر ہوجاتی ہے۔

پشاور زلمی کے پاس 12 پوائنٹس ہیں، جو پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم ہے، جسے شکست کے باوجود پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، لیکن اس کا بھی ایک میچ فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کی کوششیں کرنے والی کراچی کنگز کے خلاف باقی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں 9 میچز کھیلے، جن میں سے اس نے 4 میں فتح سمیٹی اور 5 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے اس کے پاس 8 پوائنٹس ہیں اور بہتر رن اوسط کی وجہ سے اس کا پوائنٹس ٹیبل پر تیسرا نمبر ہے۔

بات کی جائے کراچی کنگز کی تو اس نے اب تک 8 میچز کھیلے، جن میں سے 4 میں ناکامی جبکہ اتنے ہی میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ اپنی خراب رن اوسط کی وجہ سے یہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں لیگ کی ناکام ترین ٹیم کہلانے والی لاہور قلندرز نے بھی پوائنٹس ٹیبل پر توجہ حاصل کرلی ہے جس کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے کے امکانات کراچی کنگز کی طرح ہی روشن ہیں۔

موجودہ سیزن میں ملتان سلطانز کی ٹیم بری طرح ناکام رہی اور اب تک 9 میچز میں صرف 2 میں ہی فتح حاصل کرسکی لیکن 7 ناکامیوں کے بعد وہ ایونٹ میں فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی جبکہ اس کا ایک میچ ابھی باقی ہے۔

یہ بات ٹیموں کے پوائنٹس کی تھی، جہاں صرف 4 ٹیمیں پلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جن میں سے 2 کا فیصلہ ہوچکا ہے اور باقی 2 کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

لیکن یہاں میچز کے شیڈول پر نظر دوڑائی جائے تو بہت ہی دلچسپ صورتحال سامنے آئے گی جس میں ٹیموں کی نہ صرف فتح بلکہ شکست کے باوجود فائنل تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔

اسلام آباد اور لاہور کی رسائی

کراچی میں پی ایس ایل کا آغاز 9 مارچ کو 27ویں میچ سے ہورہا ہے جس میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔

اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ فتح کی صورت میں 10 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی، جبکہ شکست کے باوجود اسے لاہور کے اگلے میچ کا انتظار کرنا ہوگا۔

اگر لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو بھی شکست دے دی تو وہ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ اس صورت میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس پلے آف مرحلے تک پہنچنے کا موقع ہوگا اور وہ ہوگا کراچی کنگز کے میچز کا نتیجہ۔

مندرجہ بالا صورتحال کو ذہن میں رکھتے ہوئے کراچی کنگز اگر اپنے دونوں میچوں میں شکست سے دوچار ہوتی ہے تو اس صورت میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز پلے آف مرحلے میں پہنچ جائیں گے۔

اسلام آباد اور کراچی کی رسائی

یہاں اگر اور مگر کی یہ صورتحال قدرِ آسان ہے جہاں نہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں نہ صرف اپنا ایک میچ جیتنے بلکہ شکست کے باوجود پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو لاہور کے خلاف اور کراچی کنگز کی پشاور یا کوئٹہ میں سے کسی ایک ٹیم کے خلاف فتح دونوں ٹیموں کو پلے آف تک پہنچا دے گی۔

اگر اسلام آباد یونائیٹڈ کو لاہور قلندرز سے شکست ہوجائے تو اسے لاہور اور ملتان کے درمیان ہونے والے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہوگا۔

لاہور قلندرز کی ملتان سلطانز سے شکست کی صورت میں قلندرز اور یونائیٹڈ کے درمیان بہتر رن اوسط والی ٹیم پلے آف کے لیے کوالیفائی کرے گی جو ممکنہ طور پر اسلام آباد یونائیٹڈ ہوسکتی ہے کیونکہ اس کا رن اوسط لاہور سے بہتر ہے۔

ایسی صورت میں اگر کراچی کنگز بھی اپنے دونوں میچز میں شکست کھا جاتی ہے تو اس کی قسمت کا فیصلہ بھی رن اوسط پر ہوگا، جو کراچی میں میچز کے آغاز سے قبل لاہور قلندرز سے بہتر ہے۔

یہاں امکان یہی ہے کہ مذکورہ صورتحال میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے رن اوسط بہتر ہوں گے جو شکست کے باوجود پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کر جائیں گی۔

لاہور اور کراچی کی رسائی

یہاں لاہور قلندرز اور کراچی کے پلے آف میں پہنچنے کا معاملہ ان دونوں ٹیموں کی فتوحات کے ساتھ ہی ممکن ہوسکتا ہے۔

جیسا کہ پہلے بتایا جاچکا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی لاہور قلندرز کے خلاف شکست سے کراچی کنگز کو اپنے 2 میچز میں سے کم از کم ایک میچ میں فتح درکار ہوگی جو اسے پلے آف مرحلے میں پہنچا دے گی۔

تاہم لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فتح کے بعد ملتان سلطانز کے خلاف بھی جیت درکار ہوگی تاہم یہ اگر ملتان سلطانز کے خلاف شکست کھا بھی جائے تو اسے اپنے رن اوسط کو بہتر رکھنے کے لیے شکست کے مارجن کو بہت کم رکھنا ہوگا جو اسے اسلام آباد یونائیٹڈ سے سبقت دلوا کر کراچی کنگز کے ساتھ پلے آف مرحلے میں پہنچا دے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024