فوجی ٹوپی پہننے والی بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 32 رنز سے شکست
بھارتی ٹیم نے کرکٹ کے کھیل میں بھی سیاست کے رنگ کو شامل کیا اور روایتی نیلی ٹوپی کے بجائے فوجی ٹوپی پہن کر میچ کھیلا لیکن اسے اس تبدیلی کے بعد آسٹریلوی ٹیم سے شکست کے متوقع نتیجے کا سامنا کرنا پڑگیا۔
اس میچ کی خاص بات بھارتی ٹیم کی جانب سے میچ کے دوران روایتی نیلی ٹوپی کے بجائے فوجی ٹوپی پہنن کر میچ کھیلنا تھا۔
رانچی میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلنے والے سیریز کے تیسرے ون ڈے کے آغاز سے قبل سابق کپتان اور بھارتی فوج کے اعزازی لیفٹننٹ کرنل مہیندر سنگھ دھونی نے ٹیم کے کھلاڑیوں میں فوجی کیپ تقسیم کی جس پر بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کا لوگو بھی بنا ہوا تھا۔
اس میچ میں ٹاس بھارت کے نام رہا جس نے پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اس میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے اپنی فارم حاصل کرتے ہوئے بھارت سے جیت کو دور کردیا۔
ایرون فنچ نے عثمان خواجہ کے ہمراہ مل کر 193 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی، تاہم وہ سنچری مکمل کرنے سے محروم رہے اور 93 کے اسکور پر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
عثمان خواجہ نے شاندار شاندار اسٹرائیک کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 104 رنز بنائے جبکہ ان کے علاوہ میکس ویل 47 مارکس اسٹوائنس 31 اور ایلکس کیرے نے 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا نے بھارتی ٹیم کو 314 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں فوجی کیپ پہن کر کھیلنے والی بھارتی ٹیم ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔
بھارت کے روہت شرما، شیکھر دھوان اور امباتی رائڈو 27 کے مجموعے پر ہی پویلین لوٹ گئے تھے، تاہم وکٹ کی دوسری جانب کپتان ویرات کوہلی دٹ گئے۔
کوہلی نے پہلے 26 رنز بنانے والے دھونی، پھر 26 رنز بنانے والے کیدار جادھو اور پھر وجے شنکر کے ہمراہ پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کے اسکور کو 200 رنز تک پہنچادیا۔
دباؤ میں آکر ویرات کوہلی اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم نے میچ میں ایک مرتبہ پھر واپسی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 281 پر آل آؤٹ کرکے اسے 32 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کو سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
بھارت کو اس سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے جبکہ سیریز میں 2 میچز ابھی باقی ہیں۔
میچ سے قبل کمنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے اس میچ کو اپنے لیے بہت اہم قرار دیا تھا جو ان کی شکست کی صورت میں اختتام پذیر ہوا۔