• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز: وارنر اور اسمتھ آسٹریلین ٹیم میں جگہ نہ بناسکے

شائع March 8, 2019
سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر گزشتہ برس ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی
سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر گزشتہ برس ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور سیریز سے قبل پابندی کی مدت ختم ہونے کے باوجود اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

رواں ماہ پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے دونوں آسٹریلین بیٹنگ اسٹارز کو ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا اور سلیکٹر ٹریور ہونز کے مطابق انہیں ٹیم میں منتخب نہ کر کے 23 مارچ سے شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کی راہ ہموار کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: شین واٹسن نے پی ایس ایل میں باؤلنگ کے معیار کو بہترین قرار دے دیا

گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ پر اسمتھ اور وارنر پر ایک، ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی اور اس پابندی کا خاتمہ رواں ماہ ہو رہا ہے۔

یہ دونوں کھلاڑی پاکستان کے خلاف سیریز کا آخری ون ڈے میچ کھیلنے کے اہل تھے لیکن اس کی جگہ انہیں فارم کے حصول کے لیے انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کی اجازت دی گئی۔

پاکستان کے خلاف وہی آسٹریلین اسکواڈ سیریز کھیلے گا جس نے ابھی بھارت میں میزبان ٹیم سے ون ڈے سیریز کھیلی تھی اور گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران انجری کا شکار ہونے والے مچل اسٹارک بھی سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ نہ بنانے سے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے آسٹریلین اسکواڈ پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے جہاں عالمی کپ کے لیے اسکواڈ کے انتخاب کی حتمی تاریخ 23اپریل ہے اور اس وقت انڈین پریمیئر لیگ چل رہی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’مزید میچز کی میزبانی کی تیاری کرنے پر انتظامیہ کا شکرگزار ہوں‘

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22مارچ سے کھیلا جائے گا۔

سیریز کے لیے آسٹریلین اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ایرون فنچ(کپتان)، عثمان خواجہ، شان مارش، پیٹر ہینڈزکومب، گلین میکسویل، ایشٹن ٹرنر، مارکس اسٹوئنس، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، نیتھن کاؤلٹر نائل، جھائے رچرڈسن، کین رچرڈسن، جیسن بہرن ڈروف، نیتھن لایون، ایڈم زامپا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024