کیا سام سنگ گلیکسی نوٹ 10 ایسا ہوگا؟
سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 تو 8 مارچ کو صارفین کے لیے پیش کیا جارہا ہے مگر اس کمپنی کی اگلی ڈیوائس گلیکسی نوٹ 10 کے حوالے سے لیکس ابھی سے سامنے آنا شروع ہوگئی ہے۔
درحقیقت گلیکسی نوٹ 10 کے تھری ڈی رینڈرز سامنے آئے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ رواں سال اگست یا ستمبر میں متعارف کرائے جانے والا سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون کیسا ہوسکتا ہے۔
فون ایرینا نے اس وقت زیرگردش افواہوں کو مدنظر رکھ یہ رینڈر تیار کیے ہیں اور سب سے اہم چیز اس میں 4 بیک کیمروں کا سیٹ اپ ہے، جیسا گلیکسی ایس 10 فائیو جی میں دیا گیا ہے۔
گلیکسی ایس 10 فائیو جی ابھی چند ماہ تک فروخت کے لیے پیش نہیں کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر گلیکسی نوٹ 10 سے چند ہفتے پہلے لوگ اسے خرید سکیں گے، تو اس بات کا امکان ہے کہ دونوں کا کیمرا ہارڈوئیر ایک جیسا ہو۔
یعنی گلیکسی نوٹ 10 میں 12 میگا پکسل اسٹینڈرڈ لینس، 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس، 16 میگا پکسل وائیڈ اینگل لینس اور تھری ڈی ڈیپتھ کیمرا دیا جاسکتا ہے۔
گلیکسی نوٹ 10 میں ایس 10 جیسا انفٹنی او ڈسپلے، ہول پنچ ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ اور اسکرین میں نصب فنگرپرنٹ سنسر دیئے جانے کا امکان ہے۔
تاہم یہ گلیکسی ایس 10 فائیو جی سے مختلف ہوگا یہ ابھی دیکھنا باقی ہے جس میں 6.7 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے۔
اب گلیکسی نوٹ 10 کا ڈسپلے اس سے بڑا ہوگا یا اس کے برابر ہوگا، اس کا فیصلہ آئندہ چند ماہ میں ہوجائے گا۔