• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'کالعدم تنظیموں کےخلاف کارروائی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے گا'

شائع March 7, 2019
وزیر اعظم نے نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، فواد چوہدری — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، فواد چوہدری — فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی جارحیت کے خلاف پیدا ہونے والا اتفاق رائے حوصلہ افزا ہے اور حکومت قومی مفاد میں اہم فیصلے کرتے ہوئے اس اتفاق رائے کو مزید مستحکم کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی سے متعلق حکمت عملی پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت سے وضع کی جائے گی اور انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے 2014 میں بنائے گئے قومی لائحہ عمل پر دستخط کیے جس میں یہ شق شامل ہے کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر پہلے ہی پابندی عائد ہے، تاہم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے مطالبات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کرنے کیلئے حکم جاری

نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم نے حکومت پنجاب کو ہدایات دی ہیں کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، وہ جس ڈاکٹر یا ہسپتال سے علاج چاہتے ہیں انہیں وہاں منتقل کیا جائے اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ کہیں بھی یہ شائبہ نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی کسی شخص کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں قائم کیے گئے اور موجودہ حکومت کا ان مقدمات سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں بھی تقرریاں گزشتہ دور حکومت میں ہوئیں تاہم حکومت کسی بھی بااثر شخصیت کے مفاد میں انصاف کی راہ میں روکاوٹ نہیں بنے گی اور نہ ہی نیب کے کام میں مداخلت کرے گی۔

مزید پڑھیں: علاج کی بھیک مانگی نہ مانگوں گا، نواز شریف کا ہسپتال جانے سے پھر انکار

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اجلاس میں حکومت کی تمام اہم کامیابیوں اور مقرر کردہ اہداف کا جائزہ لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے اپنے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 26 فروری کے فیصلوں کی منظوری دی۔

عاصم سعید کو پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کا مینیجنگ ڈائریکٹر مقرر کرنے، سید جاوید کی پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) میں تعینات کرنے، دیگر اداروں میں تعیناتیوں اور ایئربلو کے لائسنس کی تجدید کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں سامنے آنے والے معاہدوں پر دستخط کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے اہم شعبوں میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت قانون، انسانی حقوق کے حوالے سے مختلف بلوں پر کام کر رہی ہے اور یہ بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے معاشرے کے نادار طبقے کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے پالیسیاں وضع کرنے پر زور دیا، اس سلسلے میں غربت کے خاتمے کے پروگرام کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024