• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

پی ایس ایل: غیرملکی کھلاڑی ایونٹ کو پاکستان میں کامیاب بنانے کیلئے پُرامید

شائع March 5, 2019
شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں، کھلاڑیوں کا مداحوں کے لیے پیغام — فوٹو: پی ایس ایل
شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں، کھلاڑیوں کا مداحوں کے لیے پیغام — فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن میں کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی ایونٹ کو پاکستان میں کامیاب بنانے کے لیے بھی پرامید ہیں۔

پی ایس ایل کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ڈیرن سیمی، ڈیوین براوو، ویوین رچرڈز کراچی میں شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کراچی آرہی ہے اور میں اس کے لیے بہت پرجوش ہوں، میرا یہی پیغام ہے کہ شائقین بڑی تعداد میں میدانوں کا رخ کریں اور ہمیں سپورٹ کریں۔

خیال رہے کہ ڈیرن سیمی اور ان کے ہم وطن ڈیرن براوو پی ایس ایل کا حصہ ہیں اور دونوں ہی 2 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کھیلنے والے ڈیوین براوو 13 سال قبل پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں، تاہم اب وہ بھی پی ایس ایل کے دیگر میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔

ڈیوین براوو کا کہنا تھا کہ میں بذات خود پاکستان جانے کا انتظار کر رہا ہوں اور اس حوالے سے بہت اچھا بھی محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں میرے بہت شائقین موجود ہیں، اب چاہیں ہم کراچی میں کھیلیں یا پھر لاہور میں کھیلیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی راہ پر گامزن ہے اور امید ہے کہ شائقین گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کرنے کے لیے میدانوں کا رخ کریں گے۔

ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر سر ویوین رچرڈز کہتے ہیں کہ وہ دورہ پاکستان سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: نو-بال کی وجہ سے پی ایس ایل کے بدلتے نتائج کا احوال

انہوں نے کہا کہ اب میں پاکستان میں مزید لطف اندوز ہوتا ہوں کیونکہ اس وقت پاکستان میں وہ شخص اقتدار میں ہے جو میرا بہت اچھا دوست ہے۔

ویوین رچرڈز کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کے خلاف بہت مرتبہ کھیلا ہے اور دورہ پاکستان ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔

لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سابق کپتان ان کے بہترین ساتھی رہے ہیں۔

سر ویوین رچرڈز کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارا کھیل ہے اور پاکستان میں اس میں مزا آئے گا، ہماری خوشی انتہا پر ہے کیونکہ ڈیوین براوو بھی ہمارے ساتھ ہے۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کولن منرو بھی پاکستان آنے واالے غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں، جو کہتے ہیں کہ شائقین سے بھرے ہوئے میدان میں کھیلنا انہیں بہت پسند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز کراچی منتقل

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں بین الاقوامی طرز کی کرکٹ نہیں کھیلی جارہی، تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ وہاں جاکر اعلیٰ کھیل پیش کریں۔

کولن منرو نے امید کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم کراچی کنگز پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلے گی اور اپنی ٹیم کے لیے اچھی بیٹنگ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔

ان کے علاون کولن انگرام بھی کراچی میں اپنے مداحوں کے ہمراہ کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024