• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل: لیونگسٹن نے اعصاب پر قابو رکھ کر کنگز کو 5 وکٹوں سے فتح دلوادی

شائع March 5, 2019
کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آگئی — فوٹو: پی ایس ایل
کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آگئی — فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اپنے اہم میچ میں کراچی کنگز نے لیونگسٹن کی نصف سنچری کی بدولت ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فلیڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ابتدا سے کراچی کنگز کے باؤلرز نے ملتان سلطانز کے بلے بازو کو قابو کر کے رکھا اور کسی بھی کھلاڑی کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔

عثمان شنواری نے پہلے 5 کے مجموعے پر 5 رنز بنانے والے عمر صدیق کو بولڈ کیا اور اس کے بعد 17 کے اسکور پر 7 رنز بنانے والے جانسن چارلس کو بھی بولڈ کردیا۔

جیمز وینس نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن وہ عمر خان کی گیند پر 16 رنز بنانے کے بعد 44 کے مجموعے پر بولڈ ہوگئے۔

ٹیم کی نصف سنچری سے قبل ہی ملتان سلطانز 3 اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی، لیکن ایسا محسوس ہورہا تھا کہ شعیب ملک اپنی ٹیم کو بڑے ٹوٹل تک پہنچانے میں مدد دیں گے اور دوبارہ گرین کیپ حاصل کرلیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

شعیب ملک 26 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد عمر خان کی گیند پر چھکا لگاتے ہوئے بابر اعظم کے ہاتھوں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ملتان سلطانز کی آدھی ٹیم اس وقت پویلین پہنچ گئی جب عمر خان کے اسی اوور میں ایک چوکا لگانے کے بعد ڈینیئل کرسچن بھی 81 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔

حماد اعظم کے 29 اور کرس گرین کے 18 رنز کی بدولت ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 118 رنز ہی بناسکی۔

کراچی کنگز کے عثمان شنواری نے 4 اوور کے کوٹے میں 15 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عمر خان بھی 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

ہدف کا دفاع کرنے کے لیے ملتان سلطانز کے باؤلرز بھی ابتدا سے جان لڑاتے ہوئے نظر آئے اور کراچی کنگز کے خطرناک بیٹنگ لائن کو بھی قابو کیے رکھا۔

نوجوان محمد الیاس نے پہلے کالن منرو اور پھر بابر اعظم کی اننگز کا خاتمہ کرکے کراچی کنگز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجائی۔

کولن منرو 11 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 12 رنز بنانے کے بعد محمد الیاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

کراچی کنگز کی ٹیم جب 36 کے اسکور پر اپنے دونوں اوپنرز سے محروم ہوگئی تو لیام لیونگسٹن اور کولن انگرام نے 46 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو پریشانی سے نکالا۔

کولن انگرام 82 کے مجموعے پر محمد عباس کی گیند پر 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو گزشتہ میچ کے ہیرو افتخار احمد کو بھی محمد عباس نے صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔

لیام لیونگسٹن نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے محمد رضوان کے ہمراہ محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 30 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جو کراچی کو اہم 2 پوائنٹس دلوانے میں کارگر ثابت ہوئی۔

لیونگسٹن نے آخری اوور کی دوسری گیند پر پورے میچ کا واحد چھکا لگا کر نہ صرف ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا بلکہ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ کراچی کنگز پلے آف کی دوڑ میں شامل ہوگئی جبکہ دوسری جانب ملتان سلطانز کے لیے پلے آف مرحلے تک پہنچنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد الیاس نے 3 جبکہ محمد عباس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز کے عثمان شنواری کو تباہ کن باؤلنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی کنگز میں محمد عامر کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا جبکہ ملتان سلطانز نے ٹام موریس کی جگہ کرس گرین اور شاہد آفریدی کی جگہ عرفان خان کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔

ایونٹ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے گروپ اسٹیج کے پہلے میچ کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دی تھی۔

اس وقت کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگئی جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024