• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

بھارت کی فوج میں اتحاد اور اسلحے کی کمی کا انکشاف

شائع March 4, 2019
بھارت کے اندر سے بھی جاحیت کے خاتمے اور مذاکرات کرنے کی آوازیں اٹھ رہی ہیں— فوٹو: اے ایف پی
بھارت کے اندر سے بھی جاحیت کے خاتمے اور مذاکرات کرنے کی آوازیں اٹھ رہی ہیں— فوٹو: اے ایف پی

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو پاکستان پر حملے اور اس میں ہلاکتوں کا دعویٰ کرنے کے بعد سے مستقل سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، امریکی اخبار نے تازہ رپورٹ میں حالیہ کشیدگی کے دوران بھارت کی شکست کا واشگاف الفاظ میں اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد جارحیت اور جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے پاکستان کی جانب سے قیام امن کے لیے بات چیت کی پیشکش کو کمزوری سمجھتے ہوئے پاکستانی حدود میں دراندازی کی اور کئی جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ کیا۔

مزید پڑھیں: بھارت کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش پاک فضائیہ نے ناکام بنا دی

اگلے دن ایک مرتبہ پھر یہی کوشش کی گئی تاہم اس مرتبہ پاک فضائیہ کے چوکس طیاروں نے بھارت کے دو طیارے گرانے کے ساتھ پائلٹ کو بھی حراست میں لے لیا۔

پاکستان نے بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو واپس کر کے امن دوستی دوستی کا ثبوت دے کر نہ صرف سفارتی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اس محاذ آرائی کے دوران بھارتی کی دفاعی صلاحیت کا پردہ بھی چاک ہو گیا۔

مشہور امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان سے فضائی لڑائی ہارنے کے بعد بھارت کی فوج پر سوالات کھڑے ہوگئے۔

اخبار نے لکھا کہ پاکستان نے گرفتار پائلٹ کو بحفاظت واپس بھیج دیا لیکن پرانا و قدیم طیارہ مگ21 خوش قسمت ثابت نہ ہو سکا۔

بھارتی فوج کو درپیش چیلنجز اب کسی سے مخفی نہیں لیکن خود سے آدھی فوج اور ایک چوتھائی بجٹ کے حامل فوج کے ہاتھوں اپنا طیارہ گنوانا انتہائی اہم بات ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ نےبھارتی طیارہ گرایا، پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا

نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا کہ بھارتی حکومت کے اندازے کے مطابق اگر جنگ چھڑتی ہے تو انڈیا اپنی فوج کو صرف دس دن کا اسلحہ فراہم کر سکتا ہے جبکہ بھارتی فوج کے پاس موجود 68 فیصد ہتھیار اور دیگر جنگی سامان انتہائی پرانا ہے جسے آفیشل سطح پر قدیم تصور کیا جاتا ہے۔

بھارتی پارلیمنٹ کے رکن اور پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے رکن گورو گوگوئی نے کہا کہ ہماری افواج کے پاس جدید سامان کی کمی ہے لیکن اس کے باوجود انہیں 21ویں صدی کے فوجی آپریشن کرنا پڑتے ہیں۔

جن امریکی آفیشلز کو بھارت کے ساتھ اتحاد مضبوط بنانے کی ذمے داری سونپی گئی ہے وہ اپنے مشن کے بارے میں انتہائی مایوس کن باتیں کرتے ہیں کیونکہ بھاری بھرکم بیورو کریسی کی وجہ سے ہتھیاروں کی فروخت اور مشترکہ جنگی مشقوں میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

امریکی آفیشلز نے بھارتی فوج میں اتحاد پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کو فنڈز کی قلت کا سامنا ہے اور بھارت کی تینوں مسلح افواج آرمی، نیوی اور ایئر فورس ساتھ کام کرنے کے بجائے ایک دوسرے سے مقابلے بازی کرتی نظر آتی ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی ایئر چیف بالاکوٹ حملے میں ہلاکتوں سے متعلق واضح جواب نہ دے سکے

چاہے مسائل جو بھی ہوں، امریکا آنے والے سالوں میں اپنے اتحادی ملک کو چین کے مقابلے میں ایک طاقتور حریف کے طور پر کھڑا کرنا چاہتا ہے۔

اخبار کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور امریکا کے کشیدہ ہوتے تعلقات کے پیش نظر امریکی فوج نے اب بھارت کو اتحادی کے طور پر حیثیت دینا شروع کردی ہے جہاں امریکا اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہتا رہا ہے کہ پاکستان نے دہشت کے خلاف جنگ میں زیادہ کچھ نہیں کیا تاہم پاکستان اس الزام کو مسترد کرتا رہا ہے۔

بھارت سے امریکا کی بڑھتی قربت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ امریکا کی جانب سے بھارت کو ہتھیاروں کی فروخت صفر سے بڑھ کر 15ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے تاہم اس کے باوجود امریکا کی جانب سے پاکستان کو بھاری ہتھیاروں کی ترسیل بدستور جاری ہے۔

تاہم بھارت کے لیے سب سے بڑا چیلنج فوج کو فراہم کی جانے والی فنڈنگ ہے جہاں 2018 میں فوج کے لیے 45ارب ڈالر کے بجٹ کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اس کے مقابلے میں چین کا فوجی بجٹ 175ارب ڈالر کا تھا البتہ گزشتہ ماہ بھارت نے مزید 45ارب ڈالر کے بجٹ کا اعلان کیا تھا۔

لیکن اخبار کے مطابق اصل سوال یہ نہیں کہ بھارت فوج پر کتنا بجٹ خرچ کرتا ہے بلکہ اصل بات یہ ہے کہ یہ بجٹ کیسے اور کہاں خرچ کیا جاتا ہے؟۔

یہ بھی پڑھیں: مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، سربراہ پاک فضائیہ

اگر اس کا جائزہ لیں تو بھارتی فوج کا کثیر بجٹ ڈیوٹی پر موجود اپنے 12 لاکھ فوجیوں کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ فوجیوں کی تنخواہوں میں نکل جاتا ہے جس کے بعد سازوسامان کی خریداری کے لیے صرف 14ارب ڈالر کی رقم بچتی ہے۔

بھارتی پارلیمنٹ کے رکن گوگوئی نے کہا کہ اس وقت دنیا کے تمام ملک اپنی اپنی افواج کی انٹیلی جنس اور تکنیکی مہارت بڑھانے پر بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور ہمیں بھی ایسا ہی کرنے کی ضرورت ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق بھارت کو جدید سازوسامان کی خریدوفروخت کے لیے اپنی فوج کی نفری کم کرنے کی ضرورت ہے لیکن یہ اتنا آسان نہیں کیونکہ سوا ارب آبادی کے ملک میں فوج کو نوکری کی فراہمی کا اہم ترین ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے 2014 میں انتخابات میں کامیابی کے بعد معاشی اصلاحات اور ہر ماہ 10 لاکھ افراد کو روزگار کی فراہمی کے وعدے کیے تھے لیکن انتخابات قریب آتے ہی ان کے یہ دعوے اب کسی کونے کھدرے میں پڑے نظر آتے ہیں۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتیں مودی حکومت پر یہ الزام لگاتی رہی ہیں کہ وہ انتخابات میں کامیابی کے لیے پاکستان مخالف جذبات کو ہوا دینے کے ساتھ ساتھ اپنی فوج کی قربانیوں کو سیاست کی نذر کر رہے ہیں۔

امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں اب عالمی طاقتیں جنگ کے دوران بھاری بھرکم فوج کے بجائے جدید ترین ہتھیاروں کی خریداری کو ترجیح دیتی ہیں لیکن اس معاملے میں بھارت پیچھے ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا کے پانچویں سب سے بڑے فوجی بجٹ کے باوجود وہ نئے آلات کی خریداری پر صرف ایک چوتھائی رقم خرچ کر سکی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ

نیویارک ٹائمز کے مطابق دنیا بھر میں ہتھیاروں کی خریداری ایک کٹھن اور سست عمل ہوتا ہے لیکن بھارت میں غیرضروری حد تک بڑی بیورو کریسی کے سبب یہ عمل بھی بدترین زوال کا شکار ہے اور ساتھ ساتھ کرپشن کی آوازیں بھی بلند ہو رہی ہیں۔

وزیر اعظم مودی کو فرانس سے 8.9ارب ڈالر کے عوض 36 رافیل طیاروں پر اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے جہاں ان کے ناقدین اس ڈیل کو کرپشن کا گڑھ قرار دے رہے ہیں البتہ حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ یہ الزامات ان کی الیکشن مہم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024